اسلام آباد: سندھ کے وزیر برائے ورکس اینڈ سروسز ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ تھر میں بچوں کی اموات شرح اتنی ہی ہے جتنی اسلام آباد میں ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت نے تھر میں کئی ترقیاتی کام کروائے ہیں یہاں اپ گریڈڈ اسپتال قائم کیے ہیں آپ تھر میں آکر خود دیکھیں وہاں کیا کیا سہولیات دی گئی ہیں، تھر میں بچوں کی شرح اموات اسلام آباد کے برابر ہے جتنی اموات اسلام آباد میں بچوں کی ہوتی ہیں اتنی ہی تھر میں ہوتی ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ لاہور کی طرح سبسڈی والے ٹرانسپورٹ کے منصوبے سندھ حکومت کے پاس بھی تھے جب کہ سندھ میں ٹرانسپورٹ سے متعلق تمام منصوبے جلد شروع ہوجائیں گے اور اس سلسلے میں وزیراعظم عمران خان سے مکمل تعاون کرنے کو تیار ہیں۔
ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہارس ٹریڈنگ پر یقین نہیں رکھتی، تیمور تالپور نے جوش خطابت میں سیاسی تقریر کی جب کہ موجودہ وقت میں متحدہ قومی موومنٹ منتشر قومی موومنٹ بن چکی ہے۔