|

وقتِ اشاعت :   March 17 – 2017

لاہور: پی سی بی کے اینٹی کرپشن یونٹ نے اسپاٹ فکسنگ کیس میں قومی کرکٹر شاہ زیب حسن کو معطل کرتے ہوئے چارج شیٹ جاری کر دی ہے۔ پی سی بی کے اینٹی کرپشن یونٹ کی جانب سے شاہ زیب حسن کو جاری چارج شیٹ میں دیگر کرکٹرز کو کرپشن کے لئے اکسانے کا الزام عائد کیا گیا ہے اور ان سے 14 روز میں جواب جمع کروانے کا کہا گیا ہے۔ شاہ زیب حسن سے 3 روز سے پوچھ گچھ جاری تھی اور انہوں نے بکی سے رابطوں کا اعتراف کرتے ہوئے فکسنگ الزامات سے انکار کر دیا تھا اور بتایا تھا کہ بکیوں کی جانب سے ملنے والی دھمکیوں کی وجہ سے پی سی بی کو آگاہ نہیں کر سکا تھا۔ پی سی بی نے معاملہ کا جائزہ لینے کے بعد اب تیسرے روز انہیں معطل کرتے ہوئے چارج شیٹ تھما دی ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ شرجیل خان، خالد لطیف اور محمد عرفان کو بھی چارج شیٹ جاری کر چکا ہے، شرجیل خان اور خالد لطیف اپنے اوپر لگنے والے الزامات کا انکار کر چکے ہیں جب کہ محمد عرفان کی جانب سے چارج شیٹ کا جواب دیا جانا ابھی باقی ہے۔