|

وقتِ اشاعت :   June 14 – 2017

کارڈف: آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے پہلے سیمی فائنل میں انگلینڈ نے پاکستان کو جیت کیلیے 212 رنز کا ہدف دیا ہے۔ 

کارڈف کے صوفیہ گارڈن میں کھیلے جا رہے چیمپئنز ٹرافی کے پہلے سیمی فائنل میں انگلش بیٹنگ لائن پاکستانی بولرز کے سامنے بے بس نظر آئی اور پوری ٹیم آخری اوور میں 211 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔

اس سے قبل قومی ٹیم کے قائد سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ انگلینڈ کی جانب سے جونی بیئر اسٹو اور الیکس ہیلز نے اننگز کا آغاز کیا لیکن ڈیبیو کرنے والے رومان رئیس نے اپنے تیسرے ہی اوور میں الیکس ہیلز کو 34 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ کرکے پہلی کامیابی حاصل کی وہ 13 رنز بناسکے جب کہ  بیئراسٹو بھی 4 رنز کی کمی سے اپنی نصف سنچری مکمل نہ کرسکے اور 46 رنز پر حسن علی کا شکار بنے۔

جوئے روٹ نے تیسری وکٹ کیلیے کپتان مورگن کے ساتھ ملکر 48 رنز کی شراکت قائم کی تاہم حسن علی نے مورگن کو 33 رنز پر پویلین بھیج کر اس شراکت کا خاتمہ کیا جب کہ جوئے روٹ بھی 46 رنز ہی بناسکے۔ جوز بٹلر بھی مزاحمت بھی 4 رنز تک ہی محدود رہی اور فخر زمان نے جنید خان کی گیند پر معین علی کا شاندار کیچ لے کر 11 رنز پر ان کی اننگز کا خاتمہ کیا۔

پاکستانی بولرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انگلش بلے بازوں کو پریشان کیے رکھا اور پچھلے آسٹریلیا کے خلاف شاندار سنچری بنانے والے بین اسٹوکس بھی محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے رہے اور آخر کار حسن علی نے ان کی اننگز کا خاتمہ کیا، وہ 64 گیندوں پر 34 رنز ہی بناسکے۔ لیام پلنکٹ بھی 9 رنز بناکر روما رئیس کا شکار بنے۔

پاکستان کی جانب سے حسن علی نے 3، جنید خان اور رومان رئیس نے 2،2، جب کہ شاداب خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

حسن علی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چیمپئنز ٹرافی میں سعید اجمل کا ریکارڈ بھی توڑ دیا، حسن علی نے 10 وکٹیں حاصل کرنے کے بعد چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر بن گئے۔

قومی ٹیم کے گزشتہ میچ کے فاتح اسکواڈ میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں، محمد عامر کی کمر میں درد کی شکایت کے باعث لیفٹ آرم پیسر رومان رئیس کو ٹیم میں شامل کیا گیا جب کہ فہیم اشرف کی جگہ شاداب خان کو ٹیم میں جگہ دی گئی ہے۔ انگلش ٹیم میں صرف ایک تبدیلی کی گئی جہاں جیسن رائے کی جگہ جونی بیئراسٹو کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔