|

وقتِ اشاعت :   August 20 – 2017

نئی دہلی: بھارتی ریاست اتر پردیش میں ٹرین کے حادثے میں کم از کم 23 افراد ہلاک اور 40 زخمی ہو گئے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اوڑیسہ سے اترکھنڈ کے علاقے ہریدوار جانے والی پوری ہریدوار اٹکل ایکسپریس کی 14 بوگیاں پٹڑی سے اترگئیں جس کے نتیجے میں 23 افراد ہلاک اور 40 زخمی ہو گئے۔ حادثہ دارالحکومت نئی دہلی سے 100 کلو میٹر دور مظفر نگر کے علاقے کہوٹالی میں صبح 6 بجے کے قریب پیش آیا۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق ریلوے ٹریک پر مرمت کا کام جاری تھا تاہم ٹرین ڈرائیور کو اس کی اطلاع نہیں دی گئی تھی۔

ریلوے حکام کے مطابق کہوٹالی کے قریب ریلوے ٹریک کا 15 میٹر کا حصہ تبدیل کیا جارہا تھا تاہم اس کی پیشگی اطلاع ٹرین ڈرائیور کو نہیں دی گئی تھی۔ جب ٹرین اس مقام پر پہنچی تو ڈرائیور نے دیکھا کہ ٹریک پر مزدور مرمت کا کام کررہے ہیں۔ ٹرین کو قریب آتا دیکھ کر مزدور بھی اپنی جان بچاکر بھاگ گئے اور ڈرائیور نے زور دار بریک لگادی جس کے نتیجے میں ٹرین کی 14 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔

بھارتی وزیر ریلوے سریش پربھو نے حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے اور کہا ہے کہ واقعے کے ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ حادثے کے بعد نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس کے اہلکاروں نے امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا اور زخمیوں اور لاشوں کو اسپتال منتقل کیا۔ حادثے کی وجہ سے ٹرینوں کی آمد و رفت کا شیڈول بھی متاثر ہوا ہے۔