|

وقتِ اشاعت :   October 11 – 2017

کوئٹہ : بلوچ قوم پرست رہنماء نوابزادہ گزین مری کو ہدہ جیل سے دوبارہ گرفتار کرنے کے موقع پر جیل روڈ پر ٹریفک جام ہونے کے باعث لوگوں کو آنے جانے کے لئے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔

تفصیلات کے مطابق بلوچستان ہائی کورٹ کے حکم پر نوابزادہ گزین مری کو رہا کر دیا گیا تھا تاہم پولیس نے دوبارہ ان کو گرفتار کرنے کے لئے ڈسٹرکٹ جیل کوئٹہ پہنچے تو اس موقع پر ڈسٹرکٹ جیل کے مین گیٹ کے سامنے پولیس افسران کی گاڑیوں کی وجہ سے ٹریفک جام ہو گئی جس کی وجہ سے آنے اورجانے والے شہریوں اور مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔

جیل حکام نے سیکورٹی خدشات کے پیش نظر پولیس کے اعلیٰ افسران کو اندر جانے کی اجازت نہیں دی گئی تاہم بعد میں گفت و شنید کے بعد پولیس کے اعلیٰ افسران کو اندر جانے کی اجازت دی گئی ۔

اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر یاسر بازئی اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نصیب اللہ کاکڑ ‘ اسپیشل مجسٹریٹ سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے مقامی انتظامیہ اور نوابزادہ گزین مری کے درمیان طویل مذاکرات کے بعد نوابزادہ گزین مری کو دوبارہ ڈسٹرکٹ جیل کوئٹہ کے احاطے سے گرفتار کیا گیا۔