|

وقتِ اشاعت :   December 10 – 2017

کوئٹہ: پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ بیان میں وفاقی حکومت اور وفاقی وزارت پٹرولیم اینڈ گیس کے اعلیٰ حکام پر زور دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ سینٹ میں پشتونخوامیپ کے صوبائی صدر سنیٹر عثمان خان کاکڑ کی پیش کردہ قرار داد کی ۔

سینٹ سے منظوری کے بعد اس پر عملدرآمد کرتے ہوئے گیس ٹیرف سلیب صفر سے لیکر 500یونٹ تک موجودہ پہلی قیمت اور 500سے لیکر ایک ہزار یونٹ تک دوسری قیمت کو لاگو کرنے کی منظوری دی جائیں اور ضلع کوئٹہ سمیت ضلع پشین ، زیارت ، مستونگ، قلات میں گیس پریشر کی مسلسل کمی کو ختم کرنے کے وعدے پر عملدرآمد کیا جائے ۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک میں سرد علاقوں کے غریب عوام گیس کا استعمال اپنے اور اپنے بچوں کی جان کی حفاظت کی خاطر استعمال کرتے ہیں جبکہ باقی ملک کی اکثریت آبادی گرم موسم ہونے کے باعث صرف کھانے پکانے کے چولہے جلانے کیلئے استعمال کرتے ہیں ۔

اب بھی اس وقت ضلع کوئٹہ ، قلات سمیت یہاں کے سرد علاقوں میں منفی 10تک کی سردی میں غریب عوام کو جھکڑرکھا ہے اور ایسی صورتحال میں ان سردعلاقوں کے گھروں ،دکانوں ، دفتروں سمیت ہر جگہ دن اور رات کو گیس کا استعمال مجبوری ہے اور سینٹ نے گیس ٹیرف سلیب صفر سے 500تک پہلی قیمت اور 500سے ایک ہزار تک موجودہ دوسری قیمت کے حوالے سے ان حقائق کو تسلیم کرتے ہوئے قرار داد کی متفقہ منظوری دی تھی ۔

اب وفاقی حکومت اور وفاقی وزارت پٹرولیم وگیس کی ذمہ داری ہے کہ وہ سرد علاقوں کے غریب عوام کو ریلیف دینے کیلئے اس قرار داد پر عملدرآمد کرے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ گیس حکام چمن پھاٹک سے لیکر نواں کلی تک ساڑھے تین کلو میٹر 8انچ پائپ لائن کی منظوری شدہ اور ٹینڈر ہونیوالے سکیم پر فوری عملدرآمد کرائیں ۔

سیٹلائٹ ٹاؤن سے قلندر مکان کاسی روڈ تک ساڑھے سات کلو میٹر 16انچ پائپ لائن ، کچلاغ پھاٹک سے زیارت کراس تک 8انچ پائپ لائن ، سول ہسپتال پشین سے ہیکلزئی چوکی تک 16انچ پائپ لائن کی فوری منظوری دیکر اس پر عملدرآمد کرائیں ۔

واپڈا دفتر پشین سے بائی پاس روڈ سرخاب روڈ کی شروعات تک 8انچ کی منظور شدہ سکیم پر فوری عملدرآمد کرایا جائے تاکہ ان تمام علاقوں میں گیس کی لوڈشیڈنگ کے باعث مشکلات پر قابو پایا جاسکے جبکہ ان سکیمات سمیت دوسرے سکیمات کی منظوری اور منظور شدہ سکیموں پر عملدرآمد کی یقین دہانی اور کوئٹہ میں سنیٹر عثمان خان کاکڑ کی صدارت میں گیس کمپنی کے حکام کے ساتھ اجلاس میں دی گئی تھی۔ 

اور اب گیس کی پریشر کو درست کرنے اور ان سکیموں پر عملدرآمد کی تاریخ 15دسمبر طے ہوئی تھی ۔ لہٰذا گیس حکام اپنے وعدوں پر عملدرآمد کیلئے فوری اقدامات کریں۔