|

وقتِ اشاعت :   December 22 – 2017

 اسلام آباد: فلپائن کی نومسلم لڑکی مریم اپنی محبت کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کےلئے کرم ایجنسی پہنچ گئی ہے۔

 فلپائن کی رہائشی لڑکی اپنی محبت کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے پاکستان کے علاقے کرم ایجنسی پہنچ گئی ہے اور پاکستانی شہریت حاصل کرنا چاہتی ہے۔ نومسلم مریم بی بی نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا ہے اور درخواست دائر کی ہے کہ میں نے عمران نامی کرم ایجنسی کے رہائشی سے اسلام قبول کرنے کے بعد شادی کرلی ہے اور مجھے خدشہ ہے کہ مجھے ویزہ کی میعاد پوری ہونے پر ڈی پورٹ کردیا جائے گا لہذٰا مجھے پاکستانی شہریت دی جائے۔

مریم بی بی نے درخواست میں وزارت داخلہ، ڈی جی ایف آئی اے اور نادرا کو فریق بنایا ہے جب کہ درخواست کے ساتھ  نکاح نامے سمیت دیگر ضروری دستاویزات بھی منسلک کی گئی ہیں۔

جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے مریم بی بی کی درخواست سماعت کے لئے منظور کرتے ہوئے سماعت 12 جنوری تک ملتوی کردی۔

دوسری جانب نومسلم مریم کے شوہر عمران کا کہنا ہے کہ خدشہ ہے کہ میری اہلیہ کو ڈی پورٹ کردیا جائے گا لہذٰا عدالت اور وزرات داخلہ سے درخواست ہے کہ مریم کو پاکستانی شہریت دی جائے تاکہ ہم اپنی اگلی زندگی کا سفر کرسکیں۔