|

وقتِ اشاعت :   January 11 – 2018

کوئٹہ: بلوچستان کے نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کیلئے بلوچستان اسمبلی کا اجلاس 13جنوری کو طلب کرلیاگیا، ادھر نئے وزیراعلیٰ کیلئے صلاح ومشورے کا سلسلہ جاری ہے، مسلم لیگ ن اور ق لیگ کے ایک وفد نے گورنر بلوچستان سے ملاقات کی جس میں نئے قائد ایوان اور دیگر متعلقہ امور پرتبادلہ خیال ہوا۔

تفصیلات کے مطابق صوبے کے نئے قائد ایوان کے انتخاب کیلئے گورنر بلوچستان محمدخان اچکزئی کی جانب سے اسمبلی کا اجلاس ہفتے کے روز ہونے والے اجلاس میں نئے قائد ایوان کاانتخاب کیاجائے گا۔

اس ضمن میں سیکرٹری صوبائی اسمبلی نئے قائد ایوان کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرنے اور اسکی جانچ پڑتال کیلئے تاریخ اور دن مقرر کرنے کا شیڈول جاری کرینگے جس کے بعد بلوچستان کے نئے وزیراعلی کیلئے اراکین صوبائی اسمبلی کاغذات نامزدگی داخل کرینگے اور اس بات کا قوی امکان ہے کہ بلوچستان کے نئے وزیراعلی کا انتخاب بلامقابلہ ہوگا ۔

ذرائع نے دعوی کیا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے بدھ کے روز رات گئے تک اپنے نئے قائد ایوان اور نئی کابینہ کی تشکیل کے بارے میں صلاح ومشورے جاری رکھے اور اس بات کا امکان ہے کہ جمعرات کے روز نئے مسلم لیگی قائد ایوان کے نام کی منظوری دی جائے گی۔

لیگی ذرائع نے دعوی کیا ہے کہ جن ارکان اسمبلی اور پارلیمانی گروپ کے لیڈروں نے تحریک عدم اعتماد میں ہمارا ساتھ دیا تھا وہی ہمارے ساتھی ہونگے ہمسائے جلدی تبدیل نہیں ہوسکتے ۔

ذرائع کے مطابق بلوچستان میں سابق وزیراعلیٰ نواب ثناء اللہ زہری کے استعفیٰ کے بعد نئی حکومت سازی کے لئے جوڑ توڑ کا سلسلہ شرو ع ہو گیا تا ہم متحدہ اپوزیشن جماعتوں نے وزیراعلیٰ کے امیدوار نہ لانے اور حکومت کا حصہ بننے سے انکار کر دیا ۔

تا ہم نئے حکومت کے حوالے سے لیگی اراکین کیساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرا دی تا ہم نئے قائد ایوان کے دوڑ میں سابق ڈپٹی اسپیکر میر عبدالقدوس بزنجو، سابق وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی ، سابق مشیر میر خالد خان لانگو، سردار صالح بھوتانی اور جان جمالی شامل ہے ۔

سابق وزیر اعلی کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے روح رواں اور مسلم لیگ(ق)کے رہنما میر بزنجو کا کہنا تھا کہ حکومت سازی کا معاملہ آئندہ تین چار روز تک طے کیا جائے گا تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے قائد ایوان کے لئے حکومتی اراکین اور متحدہ اپوزیشن جماعتوں کے درمیان مشاورت اور رابطے جاری ہے۔ گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی سے مسلم لیگ (ن) اور مسلم لیگ (ق) کے ارکان صوبائی اسمبلی کی ملاقات مختلف امور پر مشاورت کی ۔

تفصیلات کے مطابق بدھ کو مسلم لیگ (ن) کے ارکان اسمبلی میر سرفراز بگٹی ،سردار صالح محمد بھوتانی ،میر جان محمد جمالی ،اور مسلم لیگ ق میرعبدالقدوس بزنجو ،ڈاکٹر رقیہ ہاشمی پر مشتمل وفد نے ملاقات کی وفد نے گورنر بلوچستان آگاہ کیا کہ نئے قائد ایوان کے انتخاب کی تیاری مکمل کرلی گئی ہے۔

سیاسی رہنماؤں اور مبصرین کے مطابق وزیراعلیٰ کے نام پر سابقہ اتحادیوں میں شدید اختلافات پائے جاتے ہیں اور ن اور ق لیگ کے ارکان کی سابقہ اتحادیوں نیشنل پارٹی اور پشتونخوامیپ کے حوالے سے بیانات خوش کن نہیں، ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ن لیگ کے باغی ارکان حکومت سازی کیلئے زیادہ سنجیدہ نہیں، انہوں نے لیپا پوتی والا طرزعمل اپنایا ہے جو اسمبلی کی مدت پوری کرنے کیلئے اچھا خیال نہیں کیاجارہا ہے