|

وقتِ اشاعت :   February 18 – 2018

تہران: ایرانی دارالحکومت سے یسوج شہر جانے والا مسافر طیارہ صوبہ اصفہان کے قریب گرکر تباہ ہوگیا۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایران کا مسافر طیارہ گرکر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں اس میں سوار 66 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ ایرانی ہنگامی میڈیکل سروسز کے سربراہ پیر حسین نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بیان جاری کیا ہے کہ ایران کی ’آسمان ائرلائن‘ کا مسافر طیارہ دارالحکومت تہران سے یسوج شہر جارہا تھا۔

جہاز پہلے ریڈار سے غائب ہوگیا اور اس کے لاپتہ ہونے کی خبریں گردش کرنے لگیں تاہم کچھ ہی دیر بعد اطلاعات موصول ہوئیں کہ طیارہ یسوج شہر  سے 185 کلومیٹر پہلے مرکزی صوبے اصفہان کے شہر سمیروم میں گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں طیارے میں موجود تمام 66 مسافر ہلاک ہوگئے۔ 

حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر روانہ کردی گئیں لیکن خراب موسم کے باعث امدادی کارروائیوں میں بھی دشواری کا سامنا ہے۔