|

وقتِ اشاعت :   May 3 – 2016

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے شوال آپریشن کامیابی سے مکمل ہونے پر فوجی جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پا کستان کو محفوظ بنانے کیلئے ایف سی اور رینجرز بھی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔پیر کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیر صدارت جنرل ہیڈکوارٹر میں کور کمانڈر کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں ملک کی اندرونی اور بیرونی سیکیورٹی کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس میں پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں، تربیتی اور پیشہ وارانہ امور کا بھی جائزہ لیا گیا،آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے شوال آپریشن کے کامیابی سے مکمل ہونے پر فوجی جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان کو محفوظ بنانے کیلئے ایف سی اور رینجرز بھی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کے خاتمے کیلئے ہے، شوال آپریشن کامیابی سے مکمل ہو چکا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈر کانفرنس میں ’’جامع کامبنگ آپریشن‘‘ کی منظوری بھی دی گئی جس کے تحت فوجی جوان ملک بھر کے کسی بھی علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سرچ آپریشن کریں گیاور دہشت گردوں کے سلیپرز سیل اور مشتبہ ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔