|

وقتِ اشاعت :   June 23 – 2016

زلاتان ابراہیمووچ کا فٹبال کریئر اس وقت ایک تلخ موڑ پر اختتام پذیر ہوا جب گروپ ای کے ایک میچ میں سویڈن بیلجیئم سے ایک صفر سے ہارنے کے بعد یورو 2016 سے باہر ہو گیا۔

میچ کے 84ویں منٹ میں بیلجیئم کے راجا نینگولان کے شاندار گول نے بیلجیئم کو ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچا دیا۔ بیلجیئم نے گروپ ای میں اٹلی کے ساتھ مشترکہ طور پر چھ پوائنٹ حاصل کیے، البتہ اٹلی بہتر گول اوسط کی وجہ سے گروپ میں سرِفہرست رہا۔ اب بیلجیئم کا مقابلہ اگلے مرحلے میں ہنگری سے ہو گا۔ سویڈن صرف ایک پوائنٹ حاصل کر کے آخری نمبر پر رہا، اور کپتان ابراہیمووچ کا یہ دعویٰ کہ وہ اپنا کریئر کبھی بھی مایوس کن موڑ پر ختم نہیں کریں گے، بس دعویٰ ہی ثابت ہوا۔ انھوں نے دوسرے ہاف میں اپنی ٹیم کو جوش دلانے کی سخت کوشش کی، لیکن بیلجیئم نے ہر حملہ پسپا کر دیا۔
گروپ ای ہی کے ایک اور میچ میں آئرلینڈ نے گروپ کی سرِ فہرست ٹیم اٹلی کو ایک گول سے ہرا کر آخری 16 کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ آئرلینڈ کی جانب سے روبی بریڈی نے ویس ہولاہان کے پاس پر 84ویں منٹ میں گول کیا۔ یہ 22 برسوں میں آئرلینڈ کی اٹلی کے خلاف پہلی فتح تھی۔ تاہم اس میچ کے نتیجے سے قطع نظر اٹلی پہلے ہی گروپ میں اپنی اول پوزیشن یقینی بنا چکا تھا۔ اب اس کا اگلے مرحلے میں دفاعی چیمپیئن سپین سے مقابلہ ہو گا۔