|

وقتِ اشاعت :   June 25 – 2016

کوئٹہ : امریکہ نے پاکستان میں اپنے شہریوں کوسفری انتباہ جاری کرتے ہوئے ہدایات کی ہے کہ وہ کوئٹہ کے سفر سے گریز کریں۔ یہ انتباہ ایک روز قبل جاری کیا گیا تھا اور اس انتباہ کے چوبیس گھنٹے بعد ہی کوئٹہ میں عالمو چوک پر ایک بڑا دھماکا ہوا جس میں پانچ افراد جاں بحق اور تیس سے زائد زخمی ہوئے۔ کراچی میں قائم امریکی قونصل خانے کی ویب سائٹ پر جمعرات کو جاری کئے گئے بیان میں امریکہ نے پاکستان میں سکیورٹی خدشات کی بنا پر اپنے شہروں کے لیے انتباہ جاری کیا تھا جس میں خاص طور پر بلوچستان کے دار الحکومت کوئٹہ میں نقل و حرکت کو محدود کرنے اور احتیاط برتنے کا کہا گیا۔بیان میں مزید کہا گیا کہ امریکی شہری کوئٹہ میں سرکاری و فوجی تنصیبات اور ہوٹلوں کے قریب جانے سے گریز کریں کیونکہ شہر اور اس کے اطراف میں سیکورٹی خطرات موجود ہیں۔بیان کے مطابق پاکستان میں ملکی بنیاد پر حاصل ہونے والی معلومات اور سفری انتباہ کا ازسر نو جائزہ لینے کے بعد شہریوں سے کہا جاتا ہے کہ وہ حفاظتی اقدام پر عمل پیرا رہیں جب کہ امریکی حکومت کے اہلکاروں کے یلے آئندہ آنے والے ہفتوں میں اپنی نقل و حرکت کو محدود رکھنے کے اضافی اقدام بھی کیے جا سکتے ہیں۔قونصل خانے کے بیان میں کہا گیا ہے کہ سات اپریل کو پاکستان کے لیے امریکی شہریوں کو جاری کردہ سفری انتباہ بدستور موجود ہے جس کے مطابق پاکستان کا غیر ضروری سفر کرنے سے اجتناب کرنے کا کہا گیا تھا۔بیان میں پاکستان میں موجود امریکی شہریوں پر سختی سے زور دیا گیا کہ وہ ہوٹلوں میں جانے سے گریز کریں اور سکیورٹی کے انتہائی سطح کے خطرے کو ذہن میں رکھیں۔اس سلسلے میں کسی بھی طرح کی رہنمائی اور سہولت کے لیے اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے اور کراچی و لاہور میں موجود قونصل خانے سے رابطہ کرنے کا کہا گیا ہے۔