بھارت میں پولیس کا کہنا ہے کہ نامعلوم مسلح افراد نے سنیچر کو پٹھان کوٹ کے ایئر بیس پر حملہ کیا جس میں چار حملہ آوروں سمیت سات افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
حکام کے مطابق پاکستانی سرحد کے قریب بھارتی ایئر بیس پر سنیچر کی صبح ہونے والے حملے کے بعد پھر سے فائرنگ کی آوازیں سنی گئی ہیں۔ بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کے خلاف کارروائی جاری ہے۔ اس سے قبل بھارتی حکام نے کہا تھا کہ سنیچر کو بھارتی ایئر بیس پر ہونے والے حملے میں چار حملہ آور سمیت کم از کم سات افراد ہلاک ہو گئے۔ یہ حملہ پاکستان کی سرحد کے قریب پٹھان کوٹ کے علاقے میں مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے تین بجے ہوا۔
بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ چار حملہ آوروں کے ساتھ اس حملے میں دو سکیورٹی اہلکار بھی مارے گئے ہیں
حکام کا کہنا ہے کہ اس میں چاروں حملہ آور مارے گئے جو ایک ہائی جیک کی ہوئي کار کے ذریعے ایئر بیس میں داخل ہوئے تھے۔
انھوں نے بتایا ہے کہ اس حملے میں دو سکیورٹی اہلکار بھی ہلاک ہوئے ہیں۔
دریں اثنا پاکستانی سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق پاکستان کے دفتر خارجہ نے ایک بیان میں پٹھان کوٹ کے ایئر بیس پر حملے کی مذمت کی ہے۔
دفترِ خارجہ کی جانب سے سنیچر کو جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق بھارتی حکومت، عوام اور متاثرہ خاندانوں سے اس واقعے پر اظہار افسوس بھی کیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ چار حملہ آور سمیت سات افراد ہلاک ہوئے ہیں
مقامی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ فوج کے کمانڈو یونٹ کو بھی طلب کر لیا گیا ہے
بھارت کی ریاست پنجاب میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے