کوئٹہ: سابق وزیر داخلہ بلوچستان اور قوم پرست رہنما نوابزادہ گزین مری کو 18 سال بعد وطن واپسی پر ایئرپورٹ سے ہی گرفتار کرلیا گیا۔
مرحوم نواب خیربخش مری کے بیٹے نوابزادہ گزین مری 18 سالہ جلاوطنی کے بعد شارجہ سے کوئٹہ پہنچے تو ان کے استقبال کے لئے مری قبائل کے سیکڑوں افراد ایئرپورٹ کے باہر موجود تھے لیکن انہیں ہوائی اڈے کی عمارت کے اندرہی سے حراست میں لے لیا گیا۔
آنوابزادہ گزین مری کے وکیل ارباب محمد طاہر ایڈووکیٹ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ فورسز اورنامعلوم افراد نے نوابزادہ گزین مری کو گرفتار کرلیا اورنامعلوم مقام کی طرف لے گئے، ہم نے ضمانت حاصل کررکھی تھی، اپنے آئندہ لائحہ عمل کا اعلان نوابزادہ گزین مری کے خاندانی ذرائع سے رابطہ کرکے کریں گے۔
واضح رہے کہ گزین مری نامور بلوچ قوم پرست رہنما نواب خیر بخش مری کے صابزادے اور موجودہ رکن صوبائی اسمبلی چنگیز مری کے بھائی ہیں، اس کے علاوہ جبکہ لندن میں رہائش اختیار کئے نوابزادہ حیر بیار مری بھی ان کے چھوٹے بھائی ہیں۔
وہ نواز شریف کے دوسرے دور اقتدار میں بلوچستان کے وزیہر داخلہ بھی رہ چکے ہیں، گزین مری پر بلوچستان ہائی کورٹ کے جسٹس نواز مری کے قتل سمیت کئی مقدمات درج ہیں۔