|

وقتِ اشاعت :   February 26 – 2018

کوئٹہ: وزیر اعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ بلوچستان میں حکومت کی تبدیلی کا مقصد اقتدار کا حصول یا کسی شخصیت کو ہٹانا نہیں تھا بلکہ منجمد حکومتی مشینر ی کو بحال کرنا تھا،

سابق حکومت نے نو ماہ میں بجٹ کا صرد پانچ فیصد حصہ استعما ل کیا جبکہ ہم نے ایک ماہ میں پچاس فیصد تک بجٹ استعما ل صوبے میں بیس سالوں کے برابر کام ڈیرھ ماہ میں کر کے دکھایا ہے۔

یہ بات انہوں نے اتوار کی شب نجی ٹی وی سے گفتگو کر تے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں تحریک عدم اعتما د لا نے کا مقصد صوبے میں گڈ کورننس اور حکومتی مشینر ی کو دوبارہ بحال کرنا تھا جس میں ہم کافی حدتک کامیاب ہوئے ہیں ۔

سابقہ حکومت کی کارکردگی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ انہوں نے گذشتہ بجٹ بھی سرینڈر اورلیپس کئے اور موجود ہ بجٹ میں یہی امکان تھا کہ وہ لیپس ہوجائے گا لیکن ہم نے ڈیرہ ماہ کی قلیل مدت میں بچاس فیصد تک بجٹ استعمال کیا ہے جس سے صوبے میں واضع تبدیلی نظر آنی شروع ہوگئی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں میر عبدالقدوس بزنجو کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنی کارکردگی کی بنیاد پر عام انتخابات میں جانا ہے یہ تاثر درست نہیں کہ ہم یہ سب نگراں سیٹ اپ میں اپنے لوگ لگوانے کے لئے کر رہے ہیں میرے حلقے میں 2013کے انتخابات میں حالات بہت خراب تھے مگر اب حالات میں بہتر ی آئی ہے اور امید ہے ماضی کی طرح آئندہ انتخابات میں بھی 35ہزار سے زائد ووٹ کاسٹ ہونگے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے جنگی بنیادوں پر بلوچستان کے عوام کو سہولیات مہیا کر نے عزم کیا ہے کوشش ہے کہ عوام کے مسائل کو حل کر کے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کریں ہم سے جتنا ہو رہا ہے ہم اپنی پوری کوشش کر رہے ہیں اور اسکی گواہی میں نہیں بلکہ عوام دے رہی ہے ۔

صوبے میں اب تبدیلی نظر آرہی ہے صوبے کے بیس سالوں میں اتنا کام نہیں ہوا جتنا ہمارے مختصر دورینے کی حکومت میں ہورہا ہے انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں ہمارے کئے ہوئے کاموں کے صلے میں عوام ہمارا ساتھ دے گی