|

وقتِ اشاعت :   March 2 – 2018

 اسلام آباد: ایم کیو ایم پاکستان کے پی آئی بی اور بہادر آباد گروپوں میں سینیٹ کے انتخابات کے حوالے سے معاملات طے پاگئے ہیں۔

 ایم کیو ایم پاکستان کے دونوں گروپوں کی اعلیٰ قیادت اس وقت اسلام آباد میں ہے اور ان کے درمیان سینیٹ کے انتخابات کے حوالے سے معاملات طے پاگئے ہیں، دونوں گروپوں نے اپنے زیادہ سے زیادہ امیدواروں کی کامیابی کے لیے اختلافات ختم کرکے ایک ساتھ الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے، اس کا باقاعدہ اعلان فاروق ستار اور خالد مقبول صدیقی مشترکہ پریس کانفرنس میں کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ  پی آئی بی اور بہادر آباد گروپ میں فروغ نسیم، عبدالقادرخانزادہ، نگہت شکیل اور سنجے پروانی کے ناموں پر اتفاق کرلیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی اور پارٹی کے کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار کے درمیان کامران ٹیسوری کو سینیٹ کا ٹکٹ جاری کئے جانے پر اختلافات پیدا ہوگئے تھے ، یہ اختلافات اس قدر شدید ہوگئے تھے کہ دونوں نے ایک دوسرے کو برطفر کردیا تھا۔