|

وقتِ اشاعت :   March 7 – 2018

اسلام آباد : چیئرمین سینٹ کا عہدہ حاصل کرنے کیلئے دونوں بڑی جماعتوں نے رابطوں اور ملاقاتوں میں اضافہ کردیا، نواز شریف بھی آئندہ چند دنوں میں اسلام آبادمیں ڈھیرے ڈالیں گے، نواز شریف نے عہدے کو ہر قیمت پر حاصل کرنے کی ہدایات دی ہیں جبکہ پیپلزپارٹی نے مستقبل میں قانون سازی میں آسانی کے تناظر میں عہدہ حاصل کرنے کو اہم قرار دیاہے۔

سیاسی جماعتوں نے اپنا حمایت یافتہ چیئرمین سینیٹ منتخب کرانے کے لیے رابطے اور جوڑ توڑ کا سلسلہ تیز کر دیا ۔تفصیلات کے مطابق سینیٹ میں کسی بھی سیاسی جماعت کو سادہ اکثریت بھی حاصل نہیں اس لیے نئے چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کیلئے سیاسی جوڑ توڑ اور رابطوں کا سلسلہ بھی تیز کر دیا گیا ہے ۔

ٗ بلوچستان کے منتخب آزاد سینیٹرز نے خود کو اوپن قرار دیتے ہوئے تمام جماعتوں سے بات چیت کر نے کا عندیہ دیا ہے ۔ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی جانب سے چیئرمین سینٹ کے امیدوار راجہ ظفرالحق ہو سکتے ہیں ۔

اس سلسلے میں نواز شریف نے پارٹی رہنماؤں کو پارلیمانی جماعتوں سے رابطوں کا ٹاسک سونپ رکھا ہے ٗمسلم لیگ (ن) کے سینیٹر مشاہد حسین سید نے ایم کیو ایم پاکستان کے سینیٹر فروغ نسیم سے بات چیت کی ہے جب کہ انہوں نے بلوچستان سے منتخب چھ آزاد سینیٹرز سے بھی رابطہ کیا ہے جبکہ مولانا فضل الرحمان سے نوازشریف خود بات کریں گے۔

اس کے علاوہ نوازشریف نے اس معاملے پر بدھ کو اہم اجلاس بلا لیا ہے جس میں دوسری جماعتوں اور آزاد سینیٹرز سے رابطے پر مامور رہنما اپنی رپورٹ پیش کریں گے۔ اس کے علاوہ اجلاس میں نیشنل پارٹی کے میر حاصل بزنجو اور پشتون خوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود اچکزئی بھی مدعو ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی نے دعوی کیا ہے کہ اسے 45کے قریب اراکین کی حمایت حاصل ہوگئی ہے اور وہ تحریک انصاف کو بھی اپنے ساتھ ملانے میں کامیاب ہوجائیں گے جبکہ ن لیگ کے پاس اس وقت حمایتی اراکین کی تعداد انچاس ہے جس میں ایم کیو ایم شامل نہیں ہے ازاد اراکین کو دونوں اپنی اپنی طرف کھینچ رہے ہیں،پاکستان پیپلز پارٹی نے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لئے فاٹا کے سینیٹرز کی حمایت حاصل کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق منگل کو پیپلز پارٹی کے رہنما ڈاکٹر قیوم سومرو اور سلیم مانڈوی والا پر مشتمل دو رکنی وفد نے فاٹا کے 8 سینیٹرز سے ملاقات کی اور انہیں پیپلز پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی۔پیپلز پارٹی کے رہنماؤں سے ملاقات کرنے والے سینیٹرز میں ہدایت اللہ، ہلال الرحمان، تاج محمد آفریدی، اورنگ زیب خان، سجاد توری، مرزا محمد آفریدی، سینیٹر مومن خان آفریدی اور ناصر خان آفریدی شامل تھے۔ 

پیپلز پارٹی کے رہنما ڈاکٹر قیوم سومرو نے دعویٰ کیا ہے کہ فاٹا کے 8 آزاد ارکان سینیٹ کی حمایت حاصل ہوگئی، فاٹا ارکان نے قبائلی عوام کے حقوق کیلئے پی پی کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

ڈاکٹر قیوم سومرو کے مطابق فاٹا کے ارکان سینیٹ پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے ملاقات کے بعد حتمی اعلان کریں گے۔ خیال رہے کہ ڈاکٹر قیوم سومرو کی سربراہی میں پیپلز پارٹی کا ایک وفد گزشتہ دنوں بلوچستان گیا تھا جہاں انہوں نے نومنتخب آزاد سینیٹرز اور وزیراعلیٰ بلوچستان سے ملاقاتیں کی تھیں۔