|

وقتِ اشاعت :   March 22 – 2018

اسلام آباد : وفاقی کابینہ نے ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں لوگوں کے نام ڈالنے اور نکالنے کا فیصلہ کرنے کیلئے تین رکنی کابینہ کمیٹی قائم کردی ۔ 

بدھ کو وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس میں ای سی ایل میں لوگوں کے نام ڈالنے اور نکالنے کا فیصلہ کرنے کیلئے تین رکنی کابینہ کمیٹی بنادی گئی۔ 

کمیٹی کی سربراہی وزیرِ قانون و انصاف محمود بشیر ورک کریں گے جبکہ دیگر ارکان میں وفاقی وزیر برائے اسٹیٹس اینڈ فرنٹیئر ریجنزعبدالقادر بلوچ اور وزیراعظم کے خصوصی مشیر برائے قانون بیرسٹر ظفر اللہ خان شامل ہیں۔ کمیٹی ای سی ایل میں لوگوں کے نام ڈالنے یا نکالنے کے حوالے سے قواعد و ضوابط بنانے کیلئے تجاویز پیش کرے گی جس کا وفاقی کابینہ جائزہ لینے کے بعد منظوری دے گی۔

دریں اثناء وفاقی وزیر داخلہ، منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ ای سی ایل میں شامل 600 افراد سے متعلق فیصلہ کابینہ کریگی، چوہدری نثار کے سیاسی مستقبل کے بارے میں فیصلہ پارٹی کرے گی ٗنگران حکومت کیلئے وزیراعظم نے مشاورت کا سلسلہ شروع کر دیا ہے ٗ جمہوریت کے مفاد میں بہترین ناموں پر اتفاق کر لیں گے ٗ پاک چین اقتصادی راہداری سے خطے پر دوررس اثرات مرتب ہوں گے۔ 

بدھ کو ’’پاکستان مشرق وسطیٰ کے ممالک کے لئے مواقع کی سرزمین‘‘ کے حوالے سے سیمینار سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ نگران حکومت کیلئے وزیراعظم نے مشاورت کا سلسلہ شروع کر دیا ہے ٗ ایسے بہترین افراد کا انتخاب کرنا ہے جو شفاف انتخابات کا انعقاد یقینی بنائیں، ایسے افراد نہ ہوں جن سے انتخابی عمل خرابی، عدم شفافیت یا التواء کا شکار ہوں۔ 

انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار کے سیاسی مستقبل کے بارے میں فیصلہ پارٹی کرے گی، پارٹی امور، پارٹی کے اندر حل کیے جاتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ای سی ایل میں 600 افراد کے نام کابینہ کو بھجوا دیئے ہیں، یہ اگست 2016ء کے بعد سے ای سی ایل میں ڈالے گئے ہیں، ای سی ایل میں شامل ان 600 افراد سے متعلق فیصلہ کابینہ کرے گی۔