اسلام آباد: ایف آئی اے نے مبینہ طور پر نشے کی حالت میں گاڑی سے نوجوان کو کچل کر ہلاک کرنے والے امریکی سفارت کار کرنل جوزف کو ملک چھوڑنے سے روک دیا ہے۔
امریکی فضائیہ کا خصوصی سی 130 طیارہ امریکی سفارت خانے میں تعینات ملٹری اتاشی کرنل جوزف کو لے جانے کے لیے نور خان ایئر بیس راولپنڈی پر کئی گھنٹے موجود رہا۔
کرنل جوزف کی روانگی کو روکنے کے لیے انہیں بلیک لسٹ میں شامل کیا گیا تھا جس کی وجہ سے وہ بیرون ملک سفر نہیں کرسکتا تھا۔ کرنل جوزف کی روانگی کو یقینی بنانے کے لیے ایف آئی اے نے کرنل جوزف کی امیگریشن کلیئرنس کے لیے وزارت خارجہ سے خصوصی اجازت نامہ مانگا تھا تاہم حکام نے امریکی ملٹری اتاشی کو پاکستان چھوڑنے کی اجازت دینے سے انکار کردیا۔ جس کے بعد امریکی فضائیہ کا طیارہ سفارت خانے کے دوسرا عملہ اور سامان لے کر روانہ ہوگیا اور کرنل جوزف کو امریکی سفارت کانے واپس بھجوادیا گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کرنل جوزف نے اسلام آبا میں گاڑی سے موٹر سائیکل پر سوار دو نوجوانوں کو کچل دیا تھا، جس کے نتیجے میں ایک نوجوان جاں بحق ہوگیا تھا۔ نوجوان کے باپ نے انصاف کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا، عدالت عالیہ نے وزارت داخلہ کو کرنل جوزف کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے سے متعلق فیصلہ کرنے کا حکم دیا تھا۔