|

وقتِ اشاعت :   December 7 – 2018

کوئٹہ: چمن اور پشین میں ٹریفک حادثات میں 9افراد جاں بحق اور پچیس سے زائد زخمی ہوگئے۔ لیویز کے مطابق افغان سرحد سے ملحقہ چمن کے علاقے واپڈا گرڈ اسٹیشن بلوچ خان ہوٹل کے قریب اس وقت حادثہ پیش آیا جب موٹرسائیکلوں سے لوڈ کوئٹہ سے چمن کی طرف آنے والا ٹرالر بریفک فیل ہونے کے باعث ڈرائیور سے بے قابو ہوا اور دو کار گاڑیوں سے ٹکرا گیا۔

حادثے کے نتیجے میں ایک کار کھائی میں جا گری اور اس کے بعد ٹرالر بھی جاکر اس کے اوپر گرگیا۔ کار میں سوا ر افراد نیچے دب گئے اور ان میں سے بیشتر کی موت ہوگئی۔ بعد ازاں ٹرالر کو کرین کے ذریعے اٹھایا گیا اور کار میں پھنسے افراد کو نکالا گیا۔

حادثے میں چھ افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہوئے۔ لاشوں اور زخمیوں کو سول ہسپتال چمن پہنچایا گیا جہاں ان کی شناخت بارہ سالہ عزیز اللہ ولد باچا خان اچکزئی سکنہ پرانا چمن، پینتیس سالہ سلطان ولد عبدالحد سکنہ افغانستان، پینتیس سالہ محمد ولد شیر علی خلجی سکنہ کوئٹہ، تینتیس سالہ محمد ندیم ولد علاؤ الدین کاکڑ سکنہ کوئٹہ،نعمت اللہ ولد محمد خلاص سکنہ ہلمند افغانستان کے نام سے ہوئی۔ ایک لاش کی شناخت نہیں ہوئی۔ ادھر پشین میں مین سٹی ایریا واپڈا دفتر کے قریب لوکل مزدا بس اور کار میں تصادم ہوا۔

حادثے میں تین افراد جاں بحق ہوگئے جن میں بس کا ڈرائیور اور کار میں سوار دو افراد شامل ہیں۔ جاں بحق ہونیوالوں کی شناخت کوئٹہ کے علاقے کاکڑ کالونی کے رہائشی محومد احمد ولد مولوی محمد شاہ کاکڑ،بلیلی کوئٹہ کے رہائشی حاجی عبدالسلام ولد عبدالصمد غبیزئی اور پشین کلی تراٹہ کے رہائشی عزیز اللہ ولد حاجی غلام ولی الکوزئی کے نام سے ہوئی۔ حادثے میں دس سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے جن میں شامل بھی شامل ہیں۔ زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔