|

وقتِ اشاعت :   December 7 – 2018

کوئٹہ: گوادر میں حساس اداروں نے چینی ملازمین پر حملے کی کوشش ناکام بناکر بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا۔سیکورٹی ذرائع کے مطابق حساس اداروں نے گوادر کے علاقے سربندن میں ایک مشکوک مکان پر مشترکہ چھاپہ مارا جس کے دوران وہاں سے ایک مشتبہ شخص کو بھی حراست میں لیا گیا۔

تلاشی کے دوران مکان سے بڑی تعداد میں اسلحہ،نقشے اور جعلی نمبر پلیٹیں برآمد کی گئیں۔برآمد کئے گئے اسلحہ میں دو عدد جی تھری رائفل، ایک عدد پستول، ایک عددایم پی فائیو رائفل، چار عدد تین سو تین بور رائفل، ایک عدد کلاشنکوف، تین عدد ناکارہ واکی ٹاکی سیٹ، دو عدد رائفل کی دوربین،سینکڑوں کارتوس شامل ہیں۔کارروائی کے دوران آرمی طرز کی اسلحہ پاؤچ،فوج، لیویز اور کوسٹ گارڈز کی ٹوپیاں، جوتے، بوتلیں،چھ عدد جعلی نمبر پلیٹیں اور دو نقشے بھی شامل ہیں۔

سیکورٹی ذرائع کے مطابق یہ کارروائی ان خفیہ اطلاعات کے بعد عمل میں لائی گئیں جس میں خدشہ ظاہر کیا گیا تھا کہ شرپسند عناصر سربندر کے قریب ایسٹ بے ایکسپریس وے پر کام کرنیوالے چینی ملازمین پر حملے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔ جس مکان سے اسلحہ برآمد کیا گیا وہ بھی چینی سائٹ سے صرف پانچ سو میٹر دوری پر واقع ہے۔ حساس اداروں نے اسلحہ تحویل میں لیکر مزید تحقیقات شروع کردی ہیں