|

وقتِ اشاعت :   December 14 – 2018

کوئٹہ: الیکشن ٹربیونل بلوچستان نے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کے حلقے پر ووٹوں کی نادرا سے بائیو میٹرک تصدیق کرانے کا حکم دے دیاجبکہ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کی رکن قومی اسمبلی اسلم بھوتانی کے خلاف دائر انتخابی عذرداری خارج کردی۔

این اے 265کوئٹہ سٹی سے کامیاب ہونیوالے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اورڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کے خلاف کیخلاف بلوچستان نیشنل پارٹی کے امیدوار نوابزادہ لشکری رئیسانی نے انتخابی عذر داری دائر کی تھی۔

لشکری رئیسانی نے اپنی درخواست میں انتخابی ضابطگیوں کا الزام لگاتے ہوئے عدالت سے استدعا کی تھی کہ این اے 265کوئٹہ II پر ڈالے گئے ووٹوں پر انگوٹھے کے نشانات کی نادرا سے تصدیق کرائی جائے۔ عدالت نے لشکری رئیسانی کی درخواست پر قاسم سوری اور الیکشن کمیشن کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد چار دسمبر کو فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔ 

آج عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے حکم دیا کہ این اے 265 پر ووٹوں کی نادرا سے تصدیق کرائی جائے۔ علاوہ ازیں الیکشن ٹربیونل نے وزیراعلیٰ جام کمال خان کی جانب سے این اے 272 سے آزاد رکن قومی اسمبلی محمد اسلم بھوتانی کے خلاف دائر انتخابی عذر داری بھی خارج کردی۔

وزیراعلیٰ جام کمال نے مخالف امیدوار پر الیکشن میں دھاندلی کے الزامات لگائے تھے تاہم عدالت نے محمد اسلم بھوتانی کے حق میں فیصلہ دے دیا۔ اسلم بھوتانی نے فیصلے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی عدالت میں بھی 25 جولائی کو سرخرو ہواتھا۔آج انصاف کی عدالت میں بھی فتح ہوئی۔ 

جسٹس عبداللہ بلوچ پر مشتمل ٹربیونل نے پی بی 45 کیچ سے بلوچستان عوامی پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی اور صوبائی وزیر اطلاعات ظہور بلیدی کے خلاف دائر انتخابی عذر دائری بھی خارج کردی۔ ظہور بلیدی کے خلاف میر محمد انور نے انتخابی عذرداری کی درخواست دائر کی تھی۔