۔ — فائل فوٹو

|

وقتِ اشاعت :   December 24 – 2018

کوئٹہ: کوئٹہ میں رشتے کے تنازعے پر تصادم میں دو بھائی جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہو گیا۔پولیس کے مطابق واقعہ نواں کلی پہلے اسٹاپ پر پیش آیا جہاں دو بھائیوں نواب خان ناصر اور محراب خان ناصر کی اپنے مخالفین سے تلخ کلامی ہو گئی۔

تنازع بڑھ کر فائرنگ اور کلہاڑیوں کے وار تک جا پہنچا جس کے نتیجے میں دونوں بھائی جاں بحق جبکہ ان کے مخالفین میں راز محمدکاکڑ زخمی ہو گیا۔لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں لاشوں کو ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیا گیا جبکہ زخمی کوٹراما سینٹر میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ڈاکٹروں کے مطابق محراب خان کو سر اور جسم کے مختلف حصوں میں تین گولیاں لگیں اور سر پر کلہاڑی کاوار بھی لگا۔

دوسرے بھائی نواب خان کو دو گولیاں سینے میں لگیں۔ زخمی راز محمد کو گردن میں ایک گولی لگی اور اس کی حالت بھی خطرے میں بتائی جاتی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں گروہوں کے افراد آپس میں رشتہ دار ہیں اور تصادم کی بنیاد ی وجہ بھی رشتے کا تنازع ہے۔پولیس حکام کا مزید کہنا ہے کہ محراب خان اور نواب خان پانی کا ٹینکر چلاتے تھے جبکہ راز محمد کی گوشت کی دکان ہے۔پولیس نے عینی شاہدین کے بیانات قلمبند اور جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کرکے مزید تحقیقات کی شروع کردی ہیں۔ 

ایس ایچ او زرغون آباد مراد بخش کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔دریں اثناء کوئٹہ میں گیس لیکیج کے باعث دھماکے سے میاں بیوی اور چھ بچے جھلس کر زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق واقعہ ہزار گنجی زہری ٹاؤن میں صبح چھ بجے محمد نبی نامی شخص کے گھر میں پیش آیا جہاں گھر کے ایک کمرے میں گیس کا اخراج ہورہا تھا۔

اس دوران محمد نبی کی اہلیہ تیس سالہ گل سکینہ نے جیسے ہی ماچس جلائی تو کمرے میں دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں بیالیس سالہ محمد نبی ، گل سکینہ ، ان کے چھ بچے جھلس کر زخمی ہوگئے۔ دھماکے کی آواز سنتے ہی اہل علاقہ جمع ہو گئے اور زخمیوں کو طبی امداد کیلئے بولان میڈیکل ہسپتال کے برن سینٹر منتقل کیا۔ 

ڈاکٹروں کے مطابق جھلسنے کے باعث محمد نبی کے جسم کا ستر فیصد سے زائد متاثر ہوا اور اس کی حالت انتہائی تشویشناک ہے جبکہ ان کی اہلیہ کا جسم 38 فیصد تک جھلس گیا ہے۔13 سالہ بیٹا رحمت اللہ کو بھی شدید زخم آئے ہیں ان کے جسم کا 26 فیصد حصہ جھلسا ہے۔

باقی زخمیوں میں دس سالہ نبی اللہ ،8 سالہ ملائکہ، پانچ سالہ روزینہ، تین سالہ فاضیلہ اور ایک سالہ کرامت اللہ شامل ہیں ا نہیں معمولی زخم آئے ہیں۔ سوئی سدرن گیس کمپنی کے ترجمان کے مطابق محمد نبی کے گھر میں گیس کنکشن موجود نہیں تھا اور اس نے ہمسائیہ سے ربڑ کے پائپ کے ذریعے غیر قانونی طریقے سے گیس کا کنکشن حاصل کر رکھا تھا۔ پائپ میں لیکیج کی وجہ سے دھماکا ہوا۔ دھماکے کی مزید تحقیقات شالکوٹ پولیس تھانے کا عملہ کر رہا ہے۔