کوئٹہ : حکومت بلوچستان اور ایشائی ترقیاتی بنک کے مابین بلوچستان واٹر ریسورسز ڈویلپمنٹ سیکٹر پروجیکٹ کے معاہدے پر دستخط کئے گئے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان، صوبائی وزراء نوابزادہ طارق خان مگسی،میر ظہور احمد بلیدی اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے جبکہ ایشیائی ترقیاتی بنک کی کنٹری ڈائریکٹر ژیاؤ ہانگ یانگ Ms Xiaohong Yang اور ایڈیشنل چیف سیکریٹری منصوبہ بندی وترقیات سجاد احمد بھٹہ نے معاہدے پر دستخط کئے۔
معاہدے کے تحت ایشائی ترقیاتی بنک بلوچستان واٹر ریسورسز ڈویلپمنٹ پروجیکٹ پر عملدرآمد کے لئے آسان شرائط پر سو ملین ڈالر قرضہ اور حکومت جاپان پانچ ملین ڈالر امداد فراہم کرے گی جبکہ حکومت بلوچستان نے بھی اس منصوبے میں شراکت داری کی مد میں چار ارب روپے مختص کئے ہیں۔
یہ منصوبہ پانچ سال کی مدت میں مکمل ہوگا، منصوبے کے تحت بلوچستان کے دو بڑے سیلابی دریاؤں جو کہ ژوب ڈویژن کے اضلاع قلعہ سیف اللہ، ژوب، شیرانی، قلات ڈویژن کے اضلاع خضدار، قلات، سکندرآباد اور نصیر آباد ڈویژن کے ضلع جھل مگسی سے گزرتے ہیں کے سیلابی پانی کواستعمال میں لایا جاسکے گا۔
اس منصوبے کے تحت ژوب ڈویژن میں 210فٹ کی اونچائی کے حامل سرہ توئی ڈیم کی تعمیر اور دیگر آبی منصوبوں کی تعمیر وبحالی، قلات ڈویژن کے مختلف اضلاع میں مختلف آبی منصوبوں کی تعمیر اور پہلے سے تعمیر منصوبوں کی تعمیروبحالی شامل ہے جبکہ محکمہ زراعت کی معاونت سے تقریباً پچاس ہزار ایکڑ اراضی کو زیرکاشت لانا او ر محکمہ جنگلات کے ذریعہ تقریباً گیارہ ہزار ایکٹر رقبے پر شجر کاری اور موجود ہ جنگلات کا تحفظ بھی منصوبے کا حصہ ہے۔
حکومت جاپان کی مالی معاونت سے دریائے ژوب اور دریائے مولہ پر ٹیلی میٹرز کی تنصیب اور محکمہ آبپاشی، زراعت، جنگلات، حیوانات اور ماحولیات کے اہلکاروں کی استعداد کار میں اضافہ کیا جائے گا۔
بلوچستان واٹر ریسورسز ڈویلپمنٹ سیکٹر پروجیکٹ میں شامل دیگر منصوبوں میں دریائے ژوپ پر مسلم باغ سیلابہ سٹرکچر کی تعمیر، احمد زئی ایریگیشن اسکیم کی بحالی اور مرمت، سردار اختر ایریگیشن کی تعمیر، دریائے مولہ خضدار پر چھری ایریگیشن اسکیم کی تعمیر، پشتہ خان، گرام بواد ایریگیشن اسکیم کی تعمیر وبحالی، کرخ ویلی ڈویلپمنٹ اسکیمز کی توسیع اور بہتری، خرزان اٹھاچی ایریگیشن اسکیم کی تعمیر وبحالی، منیالو، ریکو، رند علی ایریگریشن اسکیم کی تعمیر کے علاوہ ضلع خضداراور ضلع ژوب میں دو فروٹ پروسیسنگ پلانٹس اور دو عدد زیتون پراسیسنگ پلانٹس کا قیام شامل ہیں۔
دریں اثناء وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان سے ایشیائی ترقیاتی بنک کی کنٹری ڈائریکٹر ژاؤ ہانگ یانگ Ms Xiaohong Yang نے ہفتہ کے روز یہاں ملاقات کی، ملاقات کے دوران مختلف شعبوں بالخصوص واٹر سیکٹر میں صوبائی حکومت اور ایشیائی ترقیاتی بنک کے مابین معاونت کے فروغ سے متعلق امور پر بات چیت کی گئی۔
صوبائی وزراء نوابزدہ طارق خان مگسی، میر ظہور بلیدی اور بنک کے دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے،وزیراعلیٰ نے صوبے میں پانی کے شعبہ کی ترقی کے لئے ایشیائی ترقیاتی بنک کی مالی اور فنی معاونت کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان واٹر ریسورسز ڈویلپمنٹ سیکٹر پروجیکٹ کے ذریعے پانی کے مسائل اور خشک سالی پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے صوبے میں گذشتہ دس سال سے زائد عرصہ سے جاری خشک سالی سے پیدا ہونے والے مسائل سے نمٹنے کے لئے جامع حکمت عملی مرتب کی ہے جس کے تحت قلیل مدت، وسط مدت اور طویل مدت منصوبے تیار کئے جارہے ہیں۔
انہوں نے بلوچستان واٹر ریسورسز ڈویلپمنٹ سیکٹر پروجیکٹ کو بلوچستان کو درپیش پانی کے مسائل پر قابو پانے کی جانب اہم پیشرفت قراردیا اور توقع ظاہر کی کہ ایشیائی ترقیاتی بنک سماجی شعبہ کی ترقی کے لئے صوبائی حکومت سے شراکت داری اور معاونت کو وسعت دے گا، بنک کی کنٹری ڈائریکٹر نے خشک سالی کے اثرات سے نمٹنے اور واٹر سیکٹر کی ترقی کے لئے صوبائی حکومت کی کاوشوں اور اقدامات کو سراہتے ہوئے بنک کی جانب سے بھرپور تعاون کی یقین دہائی کرائی۔
بلوچستان حکومت اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان آبی منصوبوں سے متعلق معاہدے پر دستخط
![]()
وقتِ اشاعت : January 6 – 2019