|

وقتِ اشاعت :   February 23 – 2019

کوئٹہ: بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی نے پارٹی جھنڈا استعمال کرنے پر پاکستان نیشنل پارٹی کیخلاف الیکشن کمیشن میں درخواست جمع کرادی۔ کوئٹہ،تربت،خضدار،پنجگور،نوشکی،کوہلو،ڈیرہ مرادجمالی،گنداخہ،نصیرآباد،سبی سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے ۔

کوئٹہ پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر ناشناس لہڑی نے پاکستان نیشنل پارٹی بنانے پر سید احسان شاہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بہتر ہوتا پی این پی کے سربراہ پارٹی کے قیام کا اعلان کرنے سے قبل اپنی پارٹی کے جھنڈے کا انتخاب کرتے سمجھ نہیں آتی پارٹی سے علیحدہ ہونے کے باجود سید احسان شاہ پارٹی کے کارکنوں ہمدردوں اور عوام کو آپس میں الجھاکر کون سے مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ بی این پی عوامی کے کارکنوں کو پارٹی پرچم اپنی جانوں سے زیادہ عزیز ہے اس کی سربلندی اور دفاع کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے پارٹی کو اس مقام تک پہنچانے میں پارٹی سربراہ میر اسرار اللہ زہری، سیکرٹری جنرل میر اسد اللہ بلوچ، میر ظفراللہ زہری، محمد علی رند، میر اصغر رند، سعید فیض بلوچ سمیت پارٹی کی دیگر مرکزی قیادت ضلعی عہدیدار اور کارکنوں کی طویل جدوجہد اور قربانیاں شامل ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ سید احسان شاہ بی این پی عوامی کا جھنڈا استعمال کرکے کارکنوں کو آپس میں الجھانے کی بجائے اپنی پارٹی کے جھنڈے کا اعلان کرکے اپنے گروپ کیسا تھ خوش رہیں ہمیں ان سے کوئی لینا دینا نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کل تک جو کارکن سید احسان شاہ کے استقبال کیلئے اکھٹا ہوتے تھے آج اس سے دوگنا زیادہ کارکن انکے نارواعمل کیخلاف اکھٹا ہوئے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ بی این پی عوامی آج بھی اسی مقام پر کھڑی ہے جہاں کل کھڑی تھی سید احسان شاہ کیساتھ پارٹی کا کوئی دوست شامل نہیں ہوا ۔مظاہرے سے لالا حسن بلوچ، محمد حنیف محمد حسنی، وکیل مینگل ،الہی بخش بلوچ، بہادر ناشناس لہڑی، شائستہ گل ، ڈاکٹر قطب ساگر حسن ایڈووکیٹ ودیگرکا خطاب کرتے ہوے کہنا تھا کہ بی این پی عوامی عوام کے دلوں میں گھر کر چکی ہے سید احسان شاہ کا پارٹی توڑنے کا خواب کھبی پورا نہیں ہوگا ۔ 

رہنماؤں نے کہا کہ پارٹی بنانے سے قبل اس کا پرچم اورآئین بنایا جاتا ہے نہ کہ نام نہاد کونسل سیشن کا اعلان کرکے مسترد لوگوں کو ساتھ ملاکرذاتی و گروہی مفادات کے حصول کیلئے دوسری پارٹی کے جھنڈے تلے نئی پارٹی کے قیام کا اعلان کردیا جاتا ہے ۔

قبل ازیں میٹروپولیٹن کارپوریشن سے کوئٹہ پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی گئی ریلی کے شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھار کھے تھے جن پر مطالبات کے حق میں نعرے درج تھے ۔ 

مظاہرے کے اختتام پر پارٹی رہنماؤں نے جھنڈا استعمال کرنے پر پاکستان نیشنل پارٹی کیخلاف الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ بی این پی عوامی الیکشن کمیشن آف پاکستان میں رجسٹرڈ ہے لہذا الیکشن کمیشن پی این پی کے نام سے بننے والی جماعت کو بی این پی عوامی کا پرچم استعمال نہ کرنے کا پابند بنائے ۔ 

بلوچستان کے ضلع تربت میں بی این پی عوامی کے زیر اہتمام سیاسی جماعت کی جانب سے الیکشن کمیشن کے پولیٹیکل ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے کیخلاف خلیل تگرانی کی قیادت میں پارٹی سیکرٹریٹ سے الیکشن کمیشن کے دفتر تک احتجاجی ریلی اور مظاہرہ کیا گیا ۔

مظاہرین سے خلیل تگرانی ، ضلعی آرگنائزر ظریف زدگ ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سید احسا ن شاہ اور ان کے گنتی کے چند دوستوں نے پاکستان نیشنل پارٹی (عوامی) کے نام پر نام نہا د پارٹی تو بنائی مگر اپنی پارٹی کیلئے منشور اور جھنڈے کا انتخاب کرنا بھول گئے ہیں اور اس احتجاجی ریلی کے توسط سے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ مذکورہ پارٹی کو بی این پی عوامی کا جھنڈے استعمال کرنے سے روک دے ۔ 

خضدار میں الیکشن کمیشن کے ضلعی دفتر کے سامنے احتجاجی مظاہرے سے ضلعی آرگنائزر ڈاکٹر حضور بخش زہری،نورالدین چھٹہ ، صدام بلوچ عبدالحمید مردوئی ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پارتی کے منحرف صوبائی اسمبلی کے رکن نے پارٹی کے نظریے اورفکری سوچ کو اپنے زاتی مفادات کی خاطرہمیشہ استعمال کرنا چاہا ۔

انہوں نے کہا کہ ناروا اقدامات جاری رہے تو الیکشن کمیشن سے رجوع کرکے نااہلی کی اپیل دائر کریں گے، رہنماؤں نے کہا کہ پارٹی قائد میر اسرار اللہ زہری اور صوبائی وزیر اسد بلوچ کی قیادت میں پارٹی پورے صوبے میں مستحکم اور فعال ہے۔پنجگور میں رحمدل بلوچ، نثاراحمد بلوچ ظفر بختیار میر سلیمان سدوزئی حاجی اکبر بلوچ کی قیادت میں ریلی نکالی گئی اور احتجاجی مظاہرہ کیاگیا ۔

مظاہرے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ بی این پی عوامی سے منحرف شخص نے نام نہاد کونسل سیشن منعقد کرکے پی این پی عوامی کے نام سے پارٹی بنائی اور بی این پی عوامی کا جھنڈا چرالیا ہے یہ جھنڈا بی این پی عوامی کا ہے اور الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ بھی ہے الیکشن کمیشن اورڈپٹی کمشنر نوٹس لیں۔ 

مقرریں نے کہا کہ ہم پنجگور میں بجلی بحران پر بھی سراپا احتجاج ہیں واپڈا والے خودساختہ لوڈشیڈنگ کے زریعے پنجگور کے عوام کو مشکلات میں ڈال دیا، نوشکی میں احتجاجی مظاہرے سے بی این پی عوامی کے ضلعی آرگنائزر میرایوب بادینی ، میرطارق بادینی کا خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ احسان شاہ اور انکے ہمنواوں کے پارٹی چھوڑنے سے بی این پی عوامی پر کوئی اثر نہیں پڑے گا میر اسرار اللہ زہری اور میر اسد بلوچ کی قیادت میں پارٹی اپنی منزل کی طرف کامیابی کیساتھ رواں دواں ہے ۔

رہنماؤں نے کہا کہ الیکشن کمشنر پارٹی کا جھنڈا استعمال کرنے پر احسان شاہ کیخلاف کارروائی کریں ۔ سبی، کوہلو،ڈیرہ مرادجمالی،گنداخہ،نصیرآباد میں وڈیرہ اشرف مری ، سید گل شاہ ،ملک شاہد بلوچ ایڈووکیٹ،ٹکری اسلم جتوئی،جلادل بلوچ ایڈووکیٹ،میاں محمد یوسف،محمد دین مری،بشیر سیلاجی، سید امجد شاہ، کرامت علی شاہ،پنھل بلوچ،عبدالحق چانڈیو، وڈیرہ بہادر خان مری کی قیادت میں احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں ۔

رہنماؤں نے الیکشن کمیشن کے ضلعی دفاتر میں پاکستان نیشنل پارٹی کی جانب سے پارٹی جھنڈا استعمال کرنے کیخلاف درخواست جمع کرائی ۔