اسلام آباد/کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات، بلوچستان کی مجموعی صورتحال، خصوصاً ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بات چیت،تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے جمعرات کو وزیراعظم عمران خان سے وزیراعظم سیکرٹریٹ میں ملاقات کی ملاقات میں بلوچستان کی مجموعی صورتحال میں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران نے کہا کہ وفاقی حکومت بلوچستان کی ترقی وخوشحالی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے انہوں نے کہا کہ صوبے کے لئے خصوصی ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔
جس سے بلوچستان کے عوام کی معاشی اور معاشرتی زندگی میں تبدیلی آئے گی حکومت بلوچستان کے عوام کی بہتری کے لئے ہرممکن معاونت فراہم کریگی، وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبے کے اہم مسائل کی جانب وزیراعظم کی توجہ مبذول کرواتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی ترقی کے لئے وفاقی کو خصوصی کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔
صوبے کی ترقی وفاق کی معاونت کے بغیر ممکن نہیں ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں معدنیات، سیاحت، زراعت سمیت دیگر شعبوں کی بہتری سے صوبے میں روزگار کے مواقع فراہم کئے جاسکتے ہیں اس سلسلے میں وفاقی حکومت کی خصوصی توجہ درکار ہے۔