|

وقتِ اشاعت :   August 9 – 2019

اسلام آباد: قومی ترقیاتی کونسل نے نیشنل کوسٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے قیام کی منظوری دیدی جبکہ اجلاس کو بتایا گیا کہ سی پیک منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے سی پیک اتھارٹی قائم کی جا رہی ہے۔

اتھارٹی سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں سیاحت کے فروغ کیلئے کام کرے گی،بلوچستان کے لئے اگلے 9سال تک سالانہ ترقیاتی اخراجات بڑھانے کی ہر ممکن کوشش ہوگی۔ جمعرات کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی ترقیاتی کونسل کے پہلا اجلاس ہوا جس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وفاقی وزیر خسرو بختیار، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان،وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال، معاون خصوصی اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، رکن قومی اسمبلی اسد عمر، صوبائی وزیر خزانہ،کمانڈر سدرن،سیکرٹری خارجہ، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔

جمعرات کو ہونے والے اجلاس کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق بلوچستان کے ترقیاتی منصوبے،گوادر کے ماسٹر پلان اورخیبرپختونخوا میں ضم شدہ علاقوں کے ترقیاتی کاموں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں بلوچستان میں سیکیورٹی کی صورتحال اور بارڈر منیجمنٹ پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی اجلاس کو بتایا گیا کہ سی پیک منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے سی پیک اتھارٹی قائم کی جا رہی ہے۔

اتھارٹی سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں سیاحت کے فروغ کیلئے کام کرے گی،بلوچستان کے لئے اگلے 9سال تک سالانہ ترقیاتی اخراجات بڑھانے کی ہر ممکن کوشش ہوگی،سالانہ ترقیاتی اخراجات بڑھنے سے بلوچستان کے ترقیاتی چیلنجز پر قابو پایا جا سکے گا۔اعلامیہ کے مطابق بلوچستان میں معدنیات سے متعلق صوبے کو چار زونز میں تقسیم کیا جا ئے گا، تیل اور گیس کے شعبے میں چار نئے بلاکس قائم کئے جائیں گے۔ قومی ترقیاتی کونسل نے نیشنل کوسٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے قیام کی بھی منظوری دی۔