کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہاہے کہ انسانی ترقی ہی اصل ترقی ہے اور اس کا دارومدارعلم اور معلومات کے موثر حصول پر ہے، نوجوان ملک کی آبادی کے 65فیصد ہیں، ہم نوجوانوں میں ہیومن ریسورس کے معیار کو جتنا بہتر بنائیں گے مستقبل میں اس کے خواہش طلب نتائج نظر آئیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوتھ موبلائزیشن کمپین کے تحت طلباء اور طالبات میں تقسیم لیپ ٹاپ کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، تقریب میں صوبائی وزراء میرظہور احمد بلیدی، میر عارف جان محمد حسنی، میر سلیم کھوسہ،وزیراعلیٰ کے مشیر مٹھا خان کاکڑ، اراکین صوبائی اسمبلی مبین خان خلجی، لالا رشید بلوچ، صوبائی سیکریٹریز اور طلباء وطالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ لیپ ٹاپ اسکیم سے جدید تعلیم کا حصول ممکن ہوگا طلباء اور طالبات کے استعداد کار میں اضافہ ہوگا جس کے نتائج چند سال بعد نظر بھی آئیں گے، انہوں نے کہا کہ تعلیم پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، موجودہ صوبائی حکومت تعلیم کے میدان میں سرمایہ کاری پر یقین رکھتی ہے، جس سے اساتذہ اور طلباء کی مجموعی کارکردگی میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا، طلباء ضلع، صوبہ اور ملک کے ساتھ دنیا کے کسی بھی حصے میں بہتر روزگار کے حصول میں کامیاب ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ہم ایسے اقدامات کررہے ہیں جس سے بیروزگاری کا مسئلہ بڑے پیمانے پر حل ہوگا، وزیراعلیٰ نے کہا کہ یوتھ موبلائیزیشن کمپین کے تحت طلباء اور طالبات کے قومی سطح کے دوروں سے، دیگر صوبوں کے طلباء سے باہمی روابط مضبوط ہوتے ہیں جس سے نہ صرف سیکھنے کے عمل میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ طلباء میں خوداعتمادی بھی جنم لیتی ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ مکران ڈویژن میں نوجوانوں کاتعلیم کی جانب بڑھتاہوا رحجان خوش آئندہے، تربت یونیورسٹی اور گوادر کیمپس سے ہونہار طلباء نہ صرف صوبے بلکہ قومی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوارہے ہیں، انہوں نے کہا کہ طلباء کو ہر صورتحال کے لئے خود کو تیار رکھنا چاہئے اور اپنی توانائی کو ایک مثبت سمت میں استعمال کرنا چاہئے، اس موقع پر تقریب میں موجود طلباء اور طالبات نے وزیراعلیٰ نے سوالات پوچھے اور اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔
وزیراعلیٰ نے تمام پوچھے گئے سوالات کے مفصل اور جامع جوابات دیئے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ رواں مالی سال کے ترقیاتی پروگرام میں پرائمری، مڈل، ہائر سیکنڈری اور اعلیٰ تعلیم کے شعبوں کے لئے خصوصی ترقیاتی منصوبے شامل کئے گئے ہیں، پہلی مرتبہ یونیورسٹیوں کی گرانٹ کو دگنا کیا گیا ہے،میرٹ کی بنیاد پر وائس چانسلر جامعات میں تعینات کئے جائیں گے اور یوتھ اسکل ڈیویلپمنٹ پروگرام سے بیروزگاری کی شرح میں خاطر خواہ کمی آئے گی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ موجودہ حکومت کھیل، سیاحت اور بلوچستان کے آثار قدیمہ کو بھرپور طریقہ سے اجاگر کرے گی تاکہ پائیدار ترقی کے اہداف کا حصول ممکن ہوسکے، سی پیک سے سابقہ دور میں خاطر خواہ فائدہ نہیں لیا گیا لیکن موجودہ حکومت پوری سنجیدگی سے اس پر اپنی توجہ مرکوز رکھے گی، بلوچستان بھر میں سڑکوں کی تعمیر کی جائے گی جس میں کوئٹہ تا کراچی اور ژوب تاکوئٹہ دورویہ شاہراہیں بھی شامل ہیں۔
کھیلوں کی ترویج کے لئے صوبے کے تمام اضلاع سپورٹس کمپلیکس بنائے جارہے ہیں، صحت کے شعبے میں بہتری کے لئے شیخ زید ہسپتال میں کینسر کے مریضوں کے لئے الگ شعبہ قائم کیا جارہا ہے جس کے لئے رواں مالی سال کے ترقیاتی پروگرام میں فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔
بعد ازاں وزیراعلیٰ نے وائس آف بلوچستان کا تقریب کے کامیاب انعقادپرشکریہ ادا کیا اور مبارکباد پیش کی، واضح رہے کہ یوتھ موبلائزیشن کمپین کے تحت لسبیلہ یونیورسٹی آف واٹراینڈ میرین سائنسز، بوائز انٹر کالج ماشکیل، گورنمنٹ بوائز کالج گوادر، بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی یونیورسٹی خضدار، گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول گشکور اور گورنمنٹ بوائز انٹر کالج آواران کے طلباء وطالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے گئے۔