|

وقتِ اشاعت :   September 4 – 2019

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان سے اپوزیشن لیڈر ملک سکندر خان ایڈووکیٹ کی قیادت میں کوئٹہ بار ایسوسی ایشن کے وفد نے یہاں ملاقات کی، صوبائی وزیر میر ظہور احمد بلیدی بھی اس موقع پر موجود تھے، وفد نے بار ایسوسی ایشن کو درپیش مسائل سے وزیراعلیٰ کو آگاہ کرتے ہوئے ان کے حل کی درخواست کی۔ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ وکلاء معاشرے کا حساس، باشعور اور پڑھا لکھا طبقہ ہے۔

جو عام آدمی کی انصاف تک آسان رسائی کو ممکن بناتا ہے، بدقسمتی سے دہشت گردی کے افسوسناک واقعہ میں ہم قابل اور تجربہ کار وکلاء کو کھوچکے ہیں تاہم حکومت نوجوان وکلاء کو قانون کے شعبہ میں اعلیٰ تعلیم کی فراہمی کے پروگرام کے ذریعہ دہشت گردی کے واقعہ کے بعد پیدا ہونے والے خلاء کو پر کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے وفد کو یقین دلایا کہ وکلاء کے مسائل کا جائزہ لیا جائے گا۔

اور اس حوالے سے صوبائی حکومت بھرپور معاونت کرے گی تاکہ کوئٹہ بارایسوسی ایشن اور وکلاء احسن انداز سے اپنے فرائض کی انجام دہی کرسکیں۔دریں اثناء وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان سے کینیڈا سے آئے ہوئے یوٹیوب وی لوگرز کے وفد نے یہاں ملاقات کی۔صوبائی وزیر انجینئر زمرک اچکزئی بھی اس موقع پر موجود تھے۔وفد کے شرکا نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ ان کے دورے کا مقصد بلوچستان کی ثقافت اور سیاحت کو سوشل میڈیا کے ذریعہ فروغ دینا ہے۔

تاکہ سرزمین بلوچستان کا عکس دنیا کے سامنے نمایاں ہو سکے۔اس موقع وزیراعلی نے کہا کہ یقینا سوشل میڈیا کو بروئے کار لاتے ہوئے بلوچستان کے کلچر اور سیاحت کو احسن انداز سے فروغ دیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کی نوجوان نسل جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے آشنا ہے جس سے ہمیں پوری طرح سے مستفید ہونے کی ضرورت ہے۔وزیراعلی نے وفد کے شرکا کو بتایا کہ بلوچستان میں 750km سے زائد ساحلی پٹی صوبے کی سیاحت کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

جس میں کنڈ ملیر اور اسٹولا آئی لینڈ جیسے خوبصورت سیاحتی مقامات موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ دنیا کی قدیم ترین ثقافت مہرگڑھ بھی بلوچستان سے تعلق رکھتی ہے جسے اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ قدرتی طور پر وجود میں آنے والے پرنسز آف ہوپ کا شاندار مجسمہ ابھی تک دنیا کے سامنے صحیح طور سے عیاں نہیں ہوا،بلوچستان کے روایتی کھانوں سے دنیا کو روشناس کرانے میں سماجی رابطوں کی ویب سائیٹ کلیدی کردار ادا کرسکتی ہے۔

وزیراعلی نے کہا کہ ماضی میں سیاحت پر توجہ نہیں دی گئی جس کے باعث یہ شعبہ ترقی اور ترویج میں پیچھے رہ گیا ہے لیکن موجودہ صوبائی حکومت سیاحت کے فروغ میں سنجیدہ ہے جس کے لئے رواں مالی سال کے بجٹ میں خطیر فنڈز مخت کئے گئے ہیں، انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جس کے ذریعے بلوچستان کے صحت افزاء سیاحتی مقامات تاریخ اورثقافت کو دنیا کے سامنے عیاں کرنا آسان ہے۔

اور وی لوگرز اس سلسلے میں اپنا تعمیری کردار ادا کر تے ہوئے بلوچستان کی سیاحتی اور ثقافتی اہمیت کو دنیا بھر میں اجاگر کر سکتے ہیں۔ اس موقع پر وی لوگرز کے وفد نے وزیراعلی کو بتایا کہ وہ سوشل میڈیاکو بروئے کار لاتے ہوئے بلوچستان کی سیاحت، ثقافت اور روایات کو بطریق احسن فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کریں گے تاکہ صوبے کا مثبت تاثر قومی وعالمی سطح پر اجاگر ہوسکے۔