کراچی: وزیراعظم عمران خان کہنا ہے کہ ملک میں مہنگائی کرنے والے ایک ایک مافیا کو پکڑیں گے اور کسی کو نہیں چھوڑیں گے۔
کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ بزنس کرنے والے نوجوان کامیاب ہوکر قوم کو کامیاب کرتےہیں، ہمارا سب سے بڑا اثاثہ نوجوان ہیں، بیرون ملک مقیم پاکستانی ہر شعبے میں پاکستانیوں سے آگے نکل گئے ہیں تاہم پاکستان کے اندر ہم آگے نہیں بڑھ سکتے کیوں کہ ہماراسسٹم میرٹ کو سپورٹ نہیں کرتا، اقربا پروی اور سفارش کی وجہ سے ادارے کمزور ہورہے ہیں، جیسے جیسے ہم میرٹ سے پیچھے گئے ملک پیچھے چلاگیا اور جو بھی معاشرہ میرٹ سے ہٹتا ہے وہ تباہ ہوجاتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ زندگی میں ہمیشہ مشکل وقت دیکھاہے تاہم کامیاب انسان برے وقت سے سیکھتاہے، کئی وزراء کابینہ کے اجلاس میں گھبرائے ہوئے ہوتے ہیں اور کہتے ہیں کہ مہنگائی ہوگئی ہے تاہم اپنی ٹیم کو کہتا ہوں کہ مشکل وقت میں گھبرایا نہ کرو، ملک میں مہنگائی کرنے والے ایک ایک مافیا کو پکڑیں گے، ان کا مقابلہ کریں گے اور ملک کو بدلیں گے۔