|

وقتِ اشاعت :   March 29 – 2020

دنیا بھر کو اپنی دہشت سے خوف زدہ کرنے والے کورونا وائرس کا پاکستان میں بھی تیزی سے پھلاؤ جاری ہے اور یہاں تعداد 1500 سے تجاوز کرگئی ہے۔

26 فروری کو پہلے کیس سے اب تک ملک میں نا صرف 15 سو سے زائد کیس رپورٹ ہوئے بلکہ 12 افراد بھی اس وائرس کا شکار ہوکر انتقال کرگئے۔

ملک کا پہلا کیس سندھ میں سامنے آنے کے بعد اسی صوبے کے متاثرین کی تعداد سب سے زیادہ تھی تاہم گزشتہ 2 روز میں پنجاب میں تیزی سے بڑھنے والے کیسز کے بعد اب وہاں سب سے زیادہ متاثرین ہیں۔

اس عالمی وبا کے پاکستان میں کیسز سامنے آنے کے ساتھ ہی مختلف صوبوں اور علاقوں نے اقدامات اٹھاتے ہوئے لاک ڈاؤن اور دیگر پابندیاں لگادی تھی جبکہ لوگوں کی نقل و حمل کو محدود کردیا تھا۔

تاہم اس کے بعد بھی نئے کیسز کے آنے کا سلسلہ جاری ہے اور اتوار کو بھی ملک میں نئے افراد اس وائرس کا شکار بنتے نظر آئے۔

سرکاری اعداد و شمار پر نظر ڈالیں تو اسلام آباد میں مزید 4 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ان 4 نئے کیسز کے بعد وفاقی دارالحکومت میں متاثرین کی تعداد 39 سے بڑھ کر 43 تک پہنچ گئی۔

اسی طرح گلگت بلتستان میں بھی 9 نئے افراد اس وائرس سے متاثر ہوئے۔

گلگت بلتستان میں ان نئے کیسز کے سامنے آنے سے متاثرین 107 سے بڑھ کر 116 ہوگئے۔

مجموعی طور پر ملک کے کیسز پر نظر ڈالیں تو پنجاب میں سب سے زیادہ 557 افراد متاثر ہیں، اس کے بعد سندھ میں 469، خیبرپختونخوا میں 188، بلوچستان میں 138، گلگت بلتستان مین 116، اسلام آباد میں 43 اور آزاد کشمیر میں 2 افراد متاثر ہوئے ہیں۔

اموات پر اگر نظر ڈالیں تو اس وائرس سے سب سے زیادہ لوگ بھی پنجاب میں جان سے گئے ہیں اور وہاں تعداد 5 ہے۔

اس کے بعد خیبرپختونخوا میں 4 افراد اس وائرس سے انتقال کرچکے ہیں جبکہ سندھ، گلگت بلتستان اور بلوچستان میں یہ تعداد ایک، ایک ہے۔