|

وقتِ اشاعت :   April 5 – 2020

کویت سٹی: کویت میں متنازعہ حیثیت کی حامل خاتون رکن پارلیمنٹ صفا الہاشم نے مطالبہ کیا ہے کہ کرونا وائرس کے پھیلا ؤکی روشنی میں حکومت فوری فیصلہ کرتے ہوئے ملک سے غیر ملکیوں کو بے دخل کرے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ٹویٹر پر جاری بیان میں صفا نے کہا کہ یقینا ان حالات میں زیادہ تر غیر ملکیوں کی موجودگی کویت کے لیے خطرہ بن چکی ہے۔ ان لوگوں کا ضرر ان کے فائدے سے زیادہ بڑا ہے۔ اس لیے کہ یہ لوگ کرونا کی وبا پھیلانے کا ایک بڑا سبب ہیں۔ لہذا ان غیر ملکیوں کی اپنے وطنوں کو واپسی کرونا وائرس کے خطرے کو روک لگا دے گی اور آبادی کے تناسب کے مسئلے کو بڑی حد تک حل کر دے گی۔

اسی طرح مذکورہ خاتون رکن پارلیمنٹ نے فیس بک پر پوسٹ میں لکھا کہ ملک میں کرونا وائرس کے کیسوں کی اتنی بڑی تعداد سامنے آنے کے بعد حکومت پر لازم ہے کہ وہ بنا کسی ہچکچاہٹ کے ان تمام غیر ملکیوں کو بے دخل کرے جو کام نہیں کر رہے ہیں۔