|

وقتِ اشاعت :   April 11 – 2020

پاکستان میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 72ہوگئی جب کہ مزید نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 4793 تک پہنچ گئی ہے۔

ملک بھر میں اب تک کورونا سے ہونے والی 72 ہلاکتوں میں سے خیبرپختونخوا میں 25، سندھ میں 22 جب کہ پنجاب میں 19 ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں 3 ، بلوچستان 2 اور اسلام آباد میں ایک ہلاکت ہوئی ہے۔

آج کورونا کے کیسز کی صورتحال

آج بروز ہفتہ ملک بھر سے کورونا کا اب تک صرف ایک کیس سامنے آیا ہے اور ایک ہلاکت ہوئی ہے جو پنجاب میں ہوئی جب کہ آزاد کشمیر سے ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔

پنجاب

پنجاب میں آج کورونا وائرس سے ایک اور ہلاکت سامنے آئی ہے جس کی تصدیق محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کی جانب سے بھی کی گئی ہے۔

اس طرح پنجاب میں ہلاکتوں کی تعداد 19 ہوگئی ہے جب کہ صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 2336 ہے۔

پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کے مطابق صوبے میں 822 عام شہری، 733 تبلیغی ارکان، 701 زائرین اور 80 قیدی کورونا وائرس میں مبتلا ہیں۔

پنجاب میں اب تک ہونے والی ہلاکتوں میں سے لاہور میں 10، راولپنڈی 5، رحیم یار خان، جہلم، فیصل آباد اور گجرات میں ایک ایک ہلاکت ہوئی ہے۔ 

اس کے علاوہ پنجاب میں اب تک کورونا وائرس سے 39 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں جمعہ کو کورونا کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا تھا تاہم آج بروز ہفتہ اب تک ایک کیس سامنے آیا ہے جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیا گیا ہے۔

پورٹل کےمطابق آزاد کشمیر میں ایک کیس کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 34 ہوگئی ہے۔

واضح رہے کہ آزاد کشمیر میں بھی کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے 24 مارچ سے تین ہفتوں کے لیے لاک ڈاؤن ہے۔

سندھ

سندھ میں جمعہ کو کورونا وائرس کے مزید 86 کیسز اور ایک ہلاکت سامنے آئی جس کی تصدیق وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کی۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 586 مزید ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے نئے ٹیسٹ میں مزید 86 کورونا میں مبتلا افراد پائے گئے، اس حساب سے کورونا کے مریضوں کی کل تعداد 1214 ہوگئی ہے۔

مراد علی شاہ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے باعث ایک موت ہوئی جو میرے بہنوئی سید مہدی شاہ کی تھی، اس کے بعد کورونا کے سبب جاں بحق ہونے والوں کی کُل تعداد 22 ہوگئی ہے۔

وزیراعلیٰ کے مطابق صوبے میں اب تک کورونا وائرس سے 358 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

خیبرپختونخوا

صوبے میں جمعہ کو کورونا وائرس کے مزید 60 کیسز اور 5 ہلاکتیں سامنے آئیں جس کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 656 اور ہلاکتیں 25 ہوگئی ہیں۔

صوبائی وزیر صحت تیمور خان نے صوبے میں ہلاکتوں اور نئے کیسز کی تصدیق کی۔

تیمور خان نے بتایا کہ صوبے میں اب تک 131 افراد کورونا وائرس سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔

بلوچستان

جمعہ کو بلوچستان میں کورونا وائرس کے صرف ایک کیس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 220 ہوگئی۔

ترجمان صوبائی حکومت لیاقت شاہوانی نے بتایا کہ ٹیسٹ کی 188 رپورٹس موصول ہوئیں جن میں سے صرف ایک مثبت اور 187 منفی نتائج سامنے آئے جس کے بعد صوبے میں مجموعی تعداد 220 ہے۔

ترجمان کے مطابق بلوچستان میں اب تک کورونا سے 2 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

صوبائی محکمہ صحت کا بتانا ہےکہ بلوچستان میں اب تک 95 متاثرہ افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت میں جمعہ کو کورونا کا کوئی نیا کیس سامنے نہیں آیا البتہ جمعرات کو کورونا کے مزید 35 کیسز سامنے آئے تھے۔

اسلام آباد میں مزید کیسز سامنے آنے کے بعد شہر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 118 ہوگئی ہے۔

وفاقی دارالحکومت میں اب تک کورونا سے ایک مریض کا انتقال ہوا ہے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں بھی جمعرات کو 2 کیسز سامنے آئے تھے جس کے بعد علاقے میں کیسز کی مجموعی تعداد 215 تک جا پہنچی ہے۔

گلگت میں مہلک وائرس سے متاثرہ 125 مریض صحتیاب بھی ہوچکے ہیں جب کہ 3 افراد وفات پاچکے ہیں۔

خیال رہےکہ گلگت بلتستان میں اب تک کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں میں وائرس کی تشخیص کرنے والے ڈاکٹر اسامہ بھی شامل ہیں۔