|

وقتِ اشاعت :   May 2 – 2020

ملک میں آج کورونا وائرس سے اب تک مزید 13 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 421 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے سے مصدقہ مریضوں کی تعداد 18662 تک جا پہنچی ہے۔

اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں کورونا سے 161 افراد انتقال کر چکے ہیں جب کہ سندھ میں 122 اور پنجاب میں 115 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

اس کے علاوہ بلوچستان میں 16، اسلام آباد 4 اور گلگت بلتستان میں 3 افراد مہلک وائرس کے باعث جاں بحق ہو چکے ہیں۔

آج کے کیسز کی صورتحال

آج بروز ہفتہ ملک بھر سے اب تک کورونا کے مزید 963 کیسز سامنے آئے ہیں اور 13 ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں جن میں سندھ سے 427 کیسز 4 ہلاکتیں، پنجاب 514 کیسز 9 ہلاکتیں اور اسلام آباد سے 22 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

سندھ

صوبے میں آج کورونا وائرس کے مزید 427 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور 4 ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں جس کی تصدیق وزیراعلیٰ سندھ نے کی۔

سندھ میں نئے کیسز کے بعد کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 7102 ہوگئی  اور ہلاکتیں 122 ہوگئی ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ صوبے میں مزید 41 افراد کورونا سے صحت یاب ہوئے ہیں جس کے بعد صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 1341 ہوگئی ہے۔

پنجاب

پنجاب سے آج اب تک کورونا کے مزید 514 کیسز  اور 9 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں جس کی تصدیق ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے کی۔

ترجمان کے مطابق صوبے میں کورونا کے کیسز کی مجموعی تعداد 6854 ہوگئی ہے اور ہلاکتیں 115 تک جا پہنچی ہیں۔

ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق 768 زائرین، 1926 رائے ونڈ سے منسلک افراد، 86 قیدی اور  4075 عام شہری کورونا وائرس میں مبتلا ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ صوبے میں کورونا وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 2206 ہوگئی ہے۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت میں آج کورونا وائرس کے مزید 22 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں۔

پورٹل کے مطابق نئے کیسز سامنے آنے کے بعد اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 365ہوگئی ہے جب کہ شہر میں وائرس سے اب تک 4 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

خیبرپختونخوا

خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے جمعرات 30 اپریل کو کورونا وائرس کے اعداد و شمار جاری نہیں کیے گئے تھے تاہم جمعہ کو جاری اعداد و شمار میں مزید 486 کیسز اور بڑی تعداد میں 39 ہلاکتیں رپورٹ کی گئیں۔

ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کے پی نے صوبے میں نئے کیسز اور ہلاکتوں کی تصدیق کی۔

خیبرپختونخوا میں کوروناکے مجموعی مریضوں کی تعداد 2799 اور ہلاکتیں 161 ہوچکی ہیں جب کہ صوبے میں اب تک کورونا سے 690 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

بلوچستان

بلوچستان میں جمعے کو کورونا کے مزید 87 کیسز اور 2 اموات بھی سامنے آئیں جس کی تصدیق حکومت بلوچستان کی جانب سے کی گئی۔

حکومت بلوچستان کے مطابق صوبے میں کورونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد 1136 ہوگئی ہے جب کہ 16 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

بلوچستان میں اب تک کورونا وائرس سے 187افراد صحت یاب بھی ہوگئے ہیں۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں جمعے کو صرف ایک کیس رپورٹ ہوا جس کے بعد کورونا مریضوں کی مجموعی تعداد مجموعی تعداد 340 تک پہنچ گئی ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق اب تک 255 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں اور کورونا وائرس سے 3 افراد کا انتقال ہوا ہے۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں جمعہ کو کورونا وائرس کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا،علاقے میں کورونا کے کیسز کی تعداد 66 ہے اور 23 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں جب کہ اب تک کوئی ہلاکت نہیں ہوئی ہے۔