ملک میں آج کورونا وائرس سے اب تک مزید 4 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 623 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے سے مصدقہ مریضوں کی تعداد 28554 تک جاپہنچی ہے۔
اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں کورونا سے 221 افراد انتقال کرچکے ہیں جب کہ پنجاب میں 191 اور سندھ میں 180 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔
اس کے علاوہ بلوچستان میں 24، اسلام آباد 4 اور گلگت بلتستان میں 3 افراد مہلک وائرس کے باعث جاں بحق ہو چکے ہیں۔
آج کے کیسز کی صورتحال
آج بروز ہفتہ ملک بھر سے کورونا کے مزید 1748 کیسز سامنے آئے ہیں جن میں سندھ سے 1080 کیسز 4 ہلاکتیں، پنجاب 438، بلوچستان 151، اسلام آباد 51، گلگت بلتستان 27 اور آزاد کشمیر سے ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔
سندھ
سندھ میں آج اب تک 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن کی تعداد 1080 ہے جب کہ 4 افراد بھی جاں بحق ہوگئے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 5498 ٹیسٹ کیے گئے جس کے بعد ٹیسٹوں کی تعداد 87108 ہوگئی ہے جب کہ 24 گھنٹوں میں کیے گئے ٹیسٹوں میں 1080 نئے کیسز سامنے آئے۔
سندھ میں نئے کیسز کے بعد کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 10 ہزار 771 تک جا پہنچی ہے جب کہ ہلاکتیں 180 ہوگئی ہیں۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 80 افراد صحتیاب ہوئےجس کے بعد صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 2020 ہوگئی ہے۔
پنجاب
پنجاب سے آج اب تک کورونا کے مزید 438 کیسز سامنے آئے ہیں جس کی تصدیق صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے کی۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق صوبے میں کورونا کے مجموعی کیسز کی تعداد 10471 ہوگئی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے گزشتہ روز پنجاب میں کورونا سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 194 بتائی تھی تاہم اب اس میں 3 نمبرز کی کمی کردی گئی ہے جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 191 بتائی گئی ہے۔
پنجاب میں کورونا سے اب تک 4131 افراد صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔
بلوچستان
بلوچستان میں آج اب تک کورونا کے مزید 151 کیسز سامنے آئے ہیں جس کی تصدیق صوبائی محکمہ صحت کی جانب سے کی گئی ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 1876 ہوگئی ہے۔
صوبے میں کورونا سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 24 ہوئی ہے جب کہ 222 افراد اب تک صحتیاب ہوچکے ہیں۔
اسلام آباد
وفاقی دارالحکومت میں آج کورونا وائرس کے مزید 51 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں۔
سرکاری پورٹل کے مطابق نئے کیسز سامنے آنے کے بعد اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 609 ہوگئی ہے جب کہ شہر میں وائرس سے اب تک 4 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔
گلگت بلتستان
گلگت بلتستان سے جمعے کو کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا تھا تاہم آج بروز ہفتہ علاقے سے مزید 27 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں۔
پورٹل کے مطابق گلگت میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 421 تک پہنچ گئی۔
گلگت میں کورونا وائرس سے 3 افراد کا انتقال ہوا ہے جبکہ اب تک 298 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔
آزاد کشمیر
آزاد کشمیر سے آج کورونا کا ایک کیس سامنے آیا ہے جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیا گیا ہے۔
پورٹل کے مطابق علاقے میں کورونا کے کیسز کی کل تعداد 79 ہوگئی ہے اور 60 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں جب کہ اب تک کوئی ہلاکت سامنے نہیں آئی ہے۔
خیبرپختونخوا
خیبر پختونخوا میں جمعے کو کورونا سے مزید 12 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 221 تک جاپہنچی ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں مزید 371 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 4327 ہوگئی ہے۔
محکمہ صحت نے بتایاکہ صوبے میں اب تک کورونا سے 1033 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔