ملک میں آج اب تک کورونا وائرس سے 13 اموات رپورٹ ہونے کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 679 ہوگئی ہے جب کہ نئے کیسز سامنے آنے سے مصدقہ مریضوں کی تعداد 31478 تک جاپہنچی ہے۔
اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں کورونا سے 245 افراد انتقال کرچکے ہیں جب کہ سندھ میں 200 اور پنجاب میں 197 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔
اس کے علاوہ بلوچستان میں 26، اسلام آباد 6، گلگت بلتستان میں 4 اور آزاد کشمیر ممیں مہلک وائرس سے ایک شخص جاں بحق ہوا ہے۔
آج کے کیسز کی صورتحال
آج بروز پیر ملک بھر سے اب تک کورونا کے 575 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور 13 ہلاکتیں بھی سامنے آئی ہیں جن میں سندھ سے 537 کیسز 11 ہلاکتیں، اسلام آباد 38 کیسز ایک ہلاکت اور آزاد کشمیر سے پہلی ہلاکت سامنے آئی ہے۔
سندھ
سندھ میں آج کورونا کے مزید 537 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور 11 ہلاکتیں بھی سامنے آئیں جن کی تصدیق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کی۔
مراد علی شاہ نے بتایا کہ صوبے میں نئے کیسز کے بعد کورونا کےمریضوں کی مجموعی تعداد 12017اور ہلاکتیں 200 تک جا پہنچی ہیں۔
وزیراعلیٰ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 68 مریض صحتیاب ہوکر گھروں کو چلے گئے جس کے بعد صحتیاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد 2149 ہے۔
اسلام آباد
وفاقی دارالحکومت سے آج کورونا وائرس کے مزید 38 کیسز اور ایک ہلاکت سامنے آئی ہے۔
سرکاری پورٹل کے مطابق نئے کیسز سامنے آنے کے بعد اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 679 ہو گئی ہے جب کہ دارالحکومت میں وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہو گئی ہے۔
آزاد کشمیر
آزاد کشمیر میں آج کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت سامنے آئی ہے جس کی تصدیق آزاد کشمیر کے ترجمان ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر نے کی۔
ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر نے بتایا کہ 85 سال کے مریض کو کورونا کے باعث 8 مئی کو آئسولیشن وارڈ میں داخل کیا گیا تھا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکا۔
سرکاری پورٹل کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا کے کیسز کی تعداد 86 ہے اور اب تک 64 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔
پنجاب
پنجاب میں اتوار کو کورونا سے مزید 5 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد انتقال کرجانے والوں کی مجموعی تعداد 197 ہوگئی۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 475 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 11568 تک جاپہنچی ہے۔
پنجاب میں کورونا سے اب تک 4323 افراد صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔
خیبرپختونخوا
خیبر پختونخوا میں اتوار کو مزید 11 افراد کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے جس کے بعد صوبے میں جاں بحق افراد کی تعداد 245 تک جاپہنچی ہے۔
صوبائی محکمہ صحت کے مطابق پشاور میں 8، مردان، سوات اور بٹگرام میں ایک ایک شخص جاں بحق ہوا۔
صوبائی محکمہ صحت نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 160 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 4669 تک جاپہنچی ہے۔
محکمہ صحت کے پی کے مطابق صوبے میں اب تک کورونا کے 1126 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔
بلوچستان
بلوچستان میں اتوار کو مزید 2 افراد مہلک وائرس کے باعث انتقال کرگئے جس کے بعد جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 26 ہوگئی۔
ترجمان بلوچستان حکومت کے مطابق اتوار کو کورونا کے مزید 141 کیسز سامنے آئے جس کے بعد صوبے میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 2017 ہوگئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 242 افراد اب تک صحت یاب ہو چکے ہیں۔
گلگت بلتستان
گلگت بلتستان میں اتوار کو مزید 12 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 442 ہوگئی ہے۔
محکمہ صحت گلگت بلتستان کے مطابق مہلک وائرس سے اب تک 4 ہلاکتیں ہوئی ہیں جب کہ کورونا سے متاثرہ 304 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔