|

وقتِ اشاعت :   October 1 – 2020

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ نواز شریف پاکستان کے خلاف سازش اور بہت خطرناک کھیل کھیل رہے ہیں۔

نجی ٹی وی کو انٹرویو میں وزیر اعظم نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں چوری کرنے کے لئے اقتدارمیں آتی ہیں، جنرل جیلانی کو سریا دینے والے آج سپر ہیرو بن گئے ہیں، نواز شریف پاکستان کے خلاف سازش اور بہت خطرناک کھیل کھیل رہے ہیں اور بھارت ان کی پوری مدد کر رہا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ فوج کا کام حکومت چلانا نہیں، مجھے فوج سے کوئی مسئلہ نہیں، میں واحد آدمی ہوں جو فوج کی کسی نرسری میں نہیں پلا، پاک فوج نہ ہوتی تو پاکستان کے 3 ٹکڑے ہوچکے ہوتے، منتخب حکومت آئین کے مطابق کام کررہی ہے، آج پاک فوج میری پالیسی کے ساتھ کھڑی ہے، پائلٹ واپس کرنے اورکرتارپورراہداری کے فیصلوں پرفوج ساتھ کھڑی ہوئی، آرمی چیف نے گلگت بلتستان پر مجھ سے پوچھ کر اپوزیشن سے میٹنگ کی تھی۔

 

اپوزیشن کے احتجاج پر وزیر اعظم نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس احتجاج کرنے کا حق ہے، لیکن اُنہوں نے قانون توڑا تو پھر کسی بات کی پرواہ نہیں کی جائے گی، ان سب کو جیلوں میں ڈال دیں گے۔