|

وقتِ اشاعت :   October 7 – 2020

کوئٹہ: بلوچستان عوامی پارٹی نے مسلم لیگ(ن) پیپلز پارٹی اور ان کی اتحادی اپوزیشن جماعتوں کے بیانیہ کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے تمام ادارے جمہوریت اور جمہوری حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں اپوزیشن جماعتیں ملک میں سیاسی انارکی پھیلانا چاہتی ہیں اداروں پر تنقید کا فائدہ کس کو ہوگا اس سے سب واقف ہیں بلوچستان امن و آشتی اور پائیدار قبائلی و سماجی روایات کی سرزمین ہے۔

یہاں کے غیور عوام نفرتوں پر مبنی سیاست کے قائل ہیں نہ ہی ایسی سیاست کی اجازت دیں گے اپوزیشن اپنا شوق پورا کرلے بلوچستان سے انہیں کچھ حاصل نہیں ہوگا ان خیالات کا اظہار بی اے پی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات چوہدری شبیر احمد نے مرکزی سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں کیا، چوہدری شبیر احمد نے کہا کہ بلوچستان کے عوام سیاسی طور پر پختہ شعور کے حامل ہیں۔

قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف زہر افشانی پر مبنی سیاسی بیانیہ یہاں نہیں چلنے والا لاہور لاڑکانہ اور ڈیرہ اسماعیل خان کی سیاست سے بلوچستان کا موازنہ کرنے والے سیاسی بالغ نہیں ایسے ابن الوقت اور اتفاقی و موروثی سیاسی افراد کو بلوچستان کے سیاسی ایوانوں سے تربیت لینا ہوگی چوہدری شبیر احمد نے کہا کہ بلوچستان کی باعزت سیاسی روایات ہمیں دیگر صوبوں کی سیاسی جماعتوں کی بازاری جملہ بازی سے اجتناب کا درس دیتی ہیں۔

بصورت دیگر ہمارے پاس انہی اپوزیشن جماعتوں کے کرتوت کا وہ پلندہ ہے جس پر ان جماعتوں کے لیڈران کارکنوں سے منہ چھپانے پر مجبور ہونگے بی اے پی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات و نشریات نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں اپنا شوق پورا کرلیں انہیں ناکامی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوگا بلوچستان کے عوام منتخب حقیقی سیاسی قیادت اور اپنے اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں اور یہ ادارے جمہوریت قانون و آئین کے ساتھ کھڑے ہیں۔