|

وقتِ اشاعت :   October 7 – 2020

ہری پور/کوئٹہ: بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے چیف ایگزیکٹو فرمان زرکون نے آئی جی جیل خانہ جات ملک محمد یوسف اور ایڈیشنل سیکرٹری ٹو چیف سیکرٹری بلوچستان مجیب الرحمن کے ہمراہ گزشتہ روزہری پور میں نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کام کارپوریشن (این آر ٹی سی) کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا اور این آر ٹی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر بریگیڈئیر توفیق احمدسے ملاقات کی۔

اس موقع پر این آر ٹی سی کی ٹیم کی جانب سے انہیں ادارے کے آپریشنز، میڈیسن اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں کردار کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی،فرمان زرکون اور دیگر نے ادارے کے مختلف شعبوں کا معائنہ بھی کیا اورریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کے شعبے سمیت سی ڈی اے کیلئے بنائے گئے ون ونڈو آئی ٹی سلوشن میں دلچسپی ظاہر کی، واضح رہے کہ این آر ٹی سی وہ ادارہ ہے جس نے کورونا وباء کے دوران پاکستان کا پہلا وینٹی لیٹر بھی تیار کیا تھا، چیف ایگزیکٹو سرمایہ کاری بورڈ فرمان زرکون نے ادارے کی سروسز کو سراہتے ہوئے کہا کہ این آر ٹی سی کاٹیکنالوجی کے میدان میں اہم کردار ہے، بلوچستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے ان کے تجربات سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔