|

وقتِ اشاعت :   October 7 – 2020

کوئٹہ: جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل وسینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے سندھ، بلوچستان کے جزائر کو وفاق کے زِیر انتظام لانے کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ وفاقی حکومت صوبوں اورفیڈریشن کے درمیان تفریق پیدا کرنے کی کوشش کررہاہے،صدارتی آرڈیننس کے ذریعے بلوچستان وسندھ کی ملکیت کے جزائر کو وفاق کی ملکیت لانے سے دونوں صوبوں کی مشکلات میں اضافہ اور وفاق کے خلاف عوام میں نفرت کاباعث بنے گا۔

ہم اس کی کسی صورت اجازت نہیں دینگے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔جمعیت علما اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ مذکورہ جزائر بلوچستان اور سندھ کی ملکیت ہے۔ بلوچستان اور سندھ کے عوام صدارتی آرڈیننس کو مسترد کرتے ہے۔ یہ فیصلہ بلوچستان اور سندھ کے رقبے پر قبضے کی مترادف اور شب خون ہے۔

انکا مزید کہنا تھا کہ اس صدارتی آرڈیننس سے دونوں صوبوں کے عوام میں وفاق کے خلاف نفرت پیدا ہوگا۔بلوچستان اور سندھ کے جزائر پر ناجائز قبضے کے خلاف آئینی اور قانونی چارہ جوئی کرینگے اور مسئلے کو پارلیمنٹ میں بھی اٹھائینگے۔جمعیت علماء اسلام عوام کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریگی،پی ڈی ایم عوام کے غصب کئے گئے حقوق کیلئے کوشاں ہے۔