|

وقتِ اشاعت :   October 8 – 2020

کوئٹہ: پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی جنرل سیکرٹری و سابق اسپیکر جمال شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ مشکل وقت میں پارٹی کے ساتھ مخلص اور کھڑے رہنے والے کارکن پارٹی کا اثاثہ ہیں جنکی خدمات کو کسی صورت فراموش نہیں کیا جاسکتا، حکومتی انتقامی کاروائی، مقدمات اور مشکلات ہمیں کسی بھی صورت اپنے مشن سے پیچھے نہیں ہٹا سکتے ملک میں حقیقی جمہوریت قائم کر کے رہیں گے 25اکتوبر کے جلسہ کامیاب اور تاریخی ہوگا۔

یہ بات انہوں نے بدھ کو مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے پریس سیکرٹریز اور سوشل میڈیا ونگ کے نمائندگان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر نصیر خان اچکزئی،عبدالوہاب اٹل، شاکر محمد حسنی سمیت دیگر عہدیدار بھی موجود تھے، اجلاس میں پارٹی کی سطح پر 25اکتوبر کے جلسے کے حوالے سے تیاریوں کا جائزہ بھی لیا گیا اور حکمت عملی بنائی گئی۔شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے۔

جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) پاکستان کی سیاست کا نا قابل تسخیر باب ہے جسے مقدمات، الزامات لگاکر اپنے مشن سے پیچھے نہیں ہٹایا جاسکتا، مشکل وقت میں پارٹی کے کارکن جس طرح ڈٹے رہے ہیں اور پارٹی پیغام کو گھر گھر پہنچا رہے ہیں وہ قابل ستائش ہے یہی کارکن ہمارا اثاثہ ہیں اور پارٹی انکی قدر کرتی ہے،انہوں نے کہا کہ وقت بدلتے دیر نہیں لگتی آج اگر ہم زیر عتاب اور اپوزیشن میں ہیں

تو کل عوامی طاقت اور مینڈیٹ سے بر سراقتدار ہونگے حکومت ہوش کے ناخن لے او ر اپوزیشن کے خلاف انتقامی کاروائی کرنے کی بجائے عوامی مسائل حل کرے آج ملازمین، عوام، تاجر ہر طبقہ سراپا احتجا ج ہے ملک کی عوام پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے ساتھ کھڑی ہے کوئٹہ میں 25اکتوبر کا جلسہ تاریخ ساز ہوگا جو صوبے اور ملک کی سیاسی تاریخ میں نیا باب رقم کریگا۔