|

وقتِ اشاعت :   October 8 – 2020

کوئٹہ: بلوچستان صوبائی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے محکمہ زراعت و کوآپریٹو سوسائٹی، لائیو اسٹاک، ڈیری ڈیویلپمنٹ، ماہی گیری و خواراک کا اجلاس جمعرات کے روز رکن صوبائی اسمبلی و چیئرمین کمیٹی یونس عزیز زہری کی زیر صدارت صوبائی اسمبلی کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ملک نصیر احمد شاہوانی، نصراللہ خان زیرے، اصغر خان ترین اور شکیلہ نوید دہوار کے علاوہ۔

بلوچستان صوبائی اسمبلی کے سیکرٹری طاہر شاہ کاکڑ، محکمہ زراعت کے سیکرٹری قمبر دشتی اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں بلوچستان زرعی یونیورسٹی کوئٹہ کا مسودہ قانون مصدرہ 2020 پر غور و خوض کیا گیا۔ بلوچستان زرعی یونیورسٹی کوئٹہ کے مسودہ قانون میں کمیٹی ممبران کے متفقہ مشاورت سے کئی سیکشن میں تبدیلیاں کی گئی۔ دوران اجلاس چیئرمین کمیٹی میر یونس عزیز زہری نے کہا کہ ہم بی ایم سی کے قانون پر عوامی ردعمل کو نہیں دہرانا چاہتے۔

ہم عوامی نمائندوں کے بارے میں جو رائے رکھی جاتی ہے وہ ہم تبدیل کرنا چاہتے ہیں انھوں نے مزید کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ کسی بھی مسودہ قانون کو صوبے میں بسنے والے تمام لوگوں کے مفاد میں بنایا جائے۔ چیئرمین کمیٹی نے بل کا تفصیل سے مطالعہ کرنے اور مزید غور و خوض کے لئے اگلے اجلاس تک کیلئے نشست موخر کر دیا۔