|

وقتِ اشاعت :   October 30 – 2020

پاکستان میں کورونا کیسز مثبت آنے کی شرح مسلسل دوسرے روز تین فیصد سے زائد رہی جب کہ تقریباً تین ماہ بعد ملک میں کورونا سے ایک روز میں سب سے زیادہ ہلاکتیں ہوئیں اور سب سے زیادہ کیسز بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔

پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 32933 ٹیسٹ کیے گئے جن میں 1078 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے مزید 20 افراد انتقال کرگئے۔

این سی او سی کے مطابق ملک میں گزشتہ 70 روز کے بعد سے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح بڑھی ہے اور اب مسلسل دوسرے روز مثبت کیسز کی تعداد 3 فیصد سے زائد رپورٹ ہوئی ہے۔

سرکاری پورٹل کے مطابق پاکستان میں 29 اکتوبر کو کورونا سے ایک روز میں 20 ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں جو 6 اگست کے بعد ایک روز میں سب سے زیادہ ہونے والی ہلاکتیں ہیں، 6 اگست کو پاکستان میں ایک روز کے دوران کورونا سے 21 اموات ہوئی تھیں۔

ملک میں 29 جولائی کو ایک روز میں کورونا کے 1063 کیسز رپورٹ ہوئے تھے جس کے بعد اب گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران تین ماہ بعد ایک روز میں سب سے زیادہ 1078 کیسز سامنے آئے ہیں۔

سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں کورونا کیسز سے ہلاکتوں کی تعداد 6795 ہوگئی ہے جب مجموعی کیسز 3 لاکھ 32186 تک جا پہنچے ہیں۔