|

وقتِ اشاعت :   November 4 – 2020

کوئٹہ: صوبائی وزیر خوراک و بہبود آبادی سردار عبدالرحمان کھیتران نے کہا ہے کہ سی پیک کی تکمیل سے ملک اقتصادی اور معاشی طور پر مضبوط اور مستحکم ہو گا۔اس منصوبے سے نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کی خوشحالی وابسطہ ہے۔یہ پاکستان اور خاص کر بلوچستان کے عوام کی امنگوں اور خوشیوں کا پر امید منصوبہ ہے۔جبکہ سی پیک کے تحت تمام علاقے میں روزگار،اجرت اور تنخواہوں کے وسائل پیدا ہوں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے جاری کردہ ایک بیان میں کیاہے صوبائی وزیر نے کہا کہ یہ دنیا کا سب سے بڑا،سود مند ترقیاتی منصوبہ ہے۔مگر دشمن ملک بھارت اور کچھ سیاسی و غیر سنجیدہ شخصیات اپنی مفادات کی خاطر اس منصوبہ کو سبوتاژکرنے کے درپے ہیں۔ جبکہ ہمارے دوست ملک چین نے اعتماد اور دوستی کا اعلی مثال قائم کرتے ہوئے تمام رکاوٹوں کے باوجود اس منصوبے کو جاری رکھنے کا عزم کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے وابستہ ون بیلٹ ون روڈ کا مقصد دنیا بھر میں چار ارب انسانوں اور ساٹھ ممالک کو جوڑنا ہے۔ملکوں کی تاریخ میں کچھ منصوبے ایسے ہوتے ہیں جو ملکوں کی قسمت بدل دیتے ہیں اس منصوبے کو اسکے صحیح تناظر میں دیکھنے کی ضرورت ہے۔جبکہ اس منصوبے کے تحت پاکستان کو سو بلین ڈالر سالانہ کی آمدنی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کو اللہ کی طرف سے ایک نعمت سمجھا جانا چائیے۔

کیونکہ ملکی اجتماعی اقتصادیات تمام صوبوں کے ذرائع اور وسائل کو جمع کرنے سے وجود میں آتی ہے۔ جبکہ ذاتی مفادات کے لیے اس کی مخالفت کرنے والے ملک کے خیر خواہ نہیں ہو سکتے۔جبکہ ہم اپنی معاشی حالت کو بہتر کرنے کے بعد ہی دشمن کو نیچا دکھا سکتے ہیں۔