|

وقتِ اشاعت :   November 5 – 2020

کوئٹہ: جمعیت علماء اسلام کے صوبائی امیر و رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالواسع نے کہاہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ ایک مضبوط قوت بن کر ابھری ہے، حکمرانوں کی تمام تر کوششوں کے باوجود بھی عوام پی ڈی ایم کے ساتھ ہیں، ٹی وی ٹاک شوز میں حکمران جس انداز سے پی ڈی ایم کے خلاف زبان درازی کررہے ہیں وہ قابل مذمت ہیں تاہم اب عوام حکمرانوں کے کھوکھلے نعروں میں آنے والے نہیں ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ مولانا عبدالواسع نے کہا کہ پی ڈی ایم ایک مضبوط قوت بن چکی ہے حکمرانوں کے تمام تر حربے ناکام ہوچکے ہیں، ٹی وی چینلز ٹاک شوز میں حکمران جماعت کے رہنماؤں کی جانب سے جس انداز سے پی ڈی ایم کے خلاف پروپیگنڈہ کیا جارہا ہے وہ قابل مذمت ہے بلکہ بہت جلد ہی اس قسم کے بے بنیاد پروپیگنڈے اپنے آپ منطقی انجام تک پہنچ جائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم کی سیاسی تحریک سے خائف ہو کر حکمران بوکھلاہٹ کے شکار ہو کر عوام کی آنکھوں میں دھول جونکنے کی کوششیں کررہے ہیں تاہم اب عوام باشعور ہے اسی لئے وہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی تحریک کے ساتھ کھڑی ہے۔

انہوں نے کہاکہ جمعیت علماء اسلام اور پی ڈی ایم جہاں بھی جلسے کی کال دیں گے اس جلسے کو کامیاب بنانے کے لئے جمعیت علماء اسلام کے کارکن اور پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں کامیاب بنانے کے لئے تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ نئے انتخابات اور سلیکٹڈ حکومت کے خاتمے تک پی ڈی ایم کی تحریک جاری رہے گی۔