|

وقتِ اشاعت :   November 25 – 2020

کوئٹہ: جمعیت علماء اسلام کے صوبائی امیر مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ وفاق کا بلوچستان کے ساتھ رویہ ناقابل برداشت ہے،صوبا ئی حکومت بے اختیار اوربیوروکریسی کے سامنے بے بس و لاچار ہے، سلیکٹڈ وزیراعظم کے دورہ تربت پر صو بے کے وسائل کا بے دردی سے استعمال کیا گیا، وزیراعظم کے بلوچستان کو ترقی دینے ے کے دعوے بے بنیاد ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی دفتر میں مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ سلیکٹڈ وزیراعظم نے تربت کے موقع پر جس پیکیج کا اعلان کیا یہ بھی ان کا ایک اوریوٹرن ہے انہوں نے 2سال میں بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے کچھ نہیں کیا اب جب حکمر انوں کو اپنے اقتدار کا سورج غروب ہوتا ہوا نظر آ رہا ہے تب انہیں بلوچستان کے عوام کی یا د آئی، انہوں نے کہا کہ شنید میں آیا ہے کہ سلیکٹڈ وزیراعظم کو خاص کھانا اور مشروبات پیش نہ کرنے پر آفیسران سے جواب طلبی کی جا رہی ہے۔

یہ شا ہا نہ انداز انگریز سامراج کے دور کی یاد تازہ کرتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ جمعیت علماء اسلام صوبائی حکومت سے اس معاملے پر نوٹس لینے کا مطالبہ کرتی ہے ہم بلوچستان کے وسائل کو ضائع کرنے کو کسی صورت بھی برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ صوبے میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔