ریاض: سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کورونا ویکسین کی پہلی خوراک لے لی ہے۔ انہیں یہ خوراک انجکشن کے ذریعے دی گئی ہے۔
مؤقر خلیجی اخبار خلیج ٹائمز نے سعودی عرب کی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے حوالے سے بتایا ہے کہ شہزادہ محمد بن سلمان نے کورونا ویکسین کی پہلی خوراک لے لی ہے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق وزیرصحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا ہے کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے کورونا کے حوالے سے ہمیشہ دلچسپی لی اور امور کی بہتر انجام دہی کے لیے رہنمائی کی۔
سعودی عرب کے وزیر صحت کے مطابق یہی وجہ ہے کہ ملک میں مقیم شہریوں اور غیر ملکیوں کے لیے کورونا ویکسین کی جلد فراہمی ممکن ہوئی ہے۔
وزیرصحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ کےمطابق موجودہ حکمت عملی علاج سے بہتر ہے کے اصول پر مرتب کی گئی ہے۔
سعودی عرب کی جانب سے اعلان کیا جا چکا ہے کہ ملک میں موجود تمام افراد کورونا ویکسین مفت فراہم کی جائے گی۔
اعلان کے مطابق مفت ویکسین کی فراہمی مقامی افراد سمیت تمام غیر ملکیوں کو بھی ممکن بنائی جائے گی۔