|

وقتِ اشاعت :   January 12 – 2021

کوئٹہ: صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو کی زیر صدارت صوبے میںامن و امان کی مجموعی صورتحال سمیت اے این پی کے جنرل سیکرٹری اسد خان اچکزئی کے اغوا اور جرائم کے سدباب کے حوالے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر وصوبائی پارلیمانی لیڈر اصغر خان اچکزئی،رکن صوبائی اسمبلی شاہینہ کاکڑ ، ایڈیشنل چیف سیکریٹری حافظ عبدالباسط،آئی جی پولیس محسن حسن بٹ، کمشنر کوئٹہ ڈویژن اسفند یار کاکڑ، سی سی پی او کوئٹہ  محمد اظہر اکرام سمیت دیگرمتعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس سے بات چیت کرتے ہوئے صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کے قیام اور عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لئے مربوط حکمت عملی کے تحت اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

جبکہ اسد خان کی بازیابی کے لیے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال میں خاطر خواہ کامیابی حاصل ہوئی ہے جس کا کریڈٹ قانون نافذ کرنے والے اداروں کوجاتا ہے۔

انہوں کا کہنا تھا کہ لوگوں کی جان و مال کا تحفظ ہمارا بنیادی مقصد ہے اور اس مقصد کے حصول میں ہر ممکن اقدام کو یقینی بنایا جا رہا ہے جبکہ امن و امان کی بحالی میں عوام کا تعاون بھی بنیادی اہمیت کا حامل رہا ہے اجلاس میں صوبائی وزیر داخلہ نے اسد خان اچکزئی کی جلد از جلد بازیابی کے لیے بھی احکامات دیے۔