|

وقتِ اشاعت :   January 13 – 2021

گوادر: بلوچستان کے33 اضلاع کی طرح پورٹ سٹی ضلع گوادر میں بھی ضلعی انتظامیہ،ضلعی محکمہ صحت کے زیرنگرانی ڈبلیو ایچ او کے تعاون سے انسدادپولیو مہم کا عمل کامیابی سے جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر گوادر میجر ریٹائرڈ عبدالکبیر خان زرکون نے انسدادِ پولیو مہم کی مانیٹرنگ کے سلسلے میں بدھ کے روز ضلع گوادر کی ساحلی بستی پشکان کا دورہ کیا۔ ضلعی محکمہ صحت اور کمیونٹی ٹیموں کی کارکردگی اور مارکنگ کے عمل کا بھی جائزہ لیا۔

ڈبلیو ایچ او کے ڈویژنل کوآرڈینیٹر برائے انسداد پولیو مہم ڈاکٹر منصور اور ڈسٹرکٹ سرویلینس آفیسر ڈاکٹر عبدالواحد ان کے ہمراہ تھے۔انہوں نے دورے کے موقع پر ڈبلیو ایچ اوزکے مانیٹرز اور ایریا انچارج کی سروسز ڈیلیوری کے حوالے سیکارکردگی کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے پشکان دورے کے موقع پر بنیادی مراکز صحت کا بھی دورہ کیا اور طبی عملے کی حاضری رجسٹر چیک اور دفتری ریکارڈ کو مرتب کرنے کے احکامات جاری کیے۔

انہوں نے کہا کہ صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے پولیو مہم کے حوالے سے انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ انسداد پولیو مہم میں پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین اور وٹامن اے کے قطرے پلانا ضروری ہے۔تاکہ وہ صحت مند رہیں اور پولیو کے علاوہ دیگر جان لیوا خطرناک بیماریوں سے محفوظ رہنے کے لئے ان میں قوت مدافعت پیدا ہو۔

ڈی سی عبدالکبیر زرکون نے کہا کہ انسداد پولیو مہم میں علماء کرام، ڈبلیو ایچ او کے مانیٹرزکمیونٹی سوشل ورکرز ہیلتھ رضاکاروں اور ضلعی انتظامیہ کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ ان کی مثبت سوچ اور رویوں اور مدد کی بدولت پولیو کی مہم کامیابی سے ہمکنار ہو سکتی ہے۔

انہوں نے گوادر کے عوام کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ والدین اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو ویکسین اور وٹامن اے کے قطرے پلا کر صحتمند معاشرے کی بنیاد رکھیں۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ ڈبلیو ایچ او کے مانیٹرز کی کارکردگی پر نظر رکھنے کے علاوہ 20 یونین کونسلوں کے ایریا انچارج کی روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ کا عملی مشاہدہ کرنے کے لیے ہم نے مختلف ایریاز کی وزٹ رکھی ہے اور ساحلی بستی پیشکان کا دورہ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔