|

وقتِ اشاعت :   January 14 – 2021

کوئٹہ؛ چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ بلوچستان اپنی اسٹریٹجک اہمیت کی وجہ سے دشمنوں کی توجہ کا مرکز ہے سانحہ مچھ کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیںشہدا کا خون رائیگاں نہیں جائے گااس گھناؤنے واقعے کے مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا،بلوچستان پاکستان کا مستقبل ہے صوبے کی ترقی اور خوشحالی ملک کی ترقی وخوشحالی ہے۔

بلوچستان کے تحفظ ، استحکام اور خوشحالی کو ہر صورت جاری رکھتے ہوئے یقینی بنایا جائیگا۔ یہ بات انہوں نے دورہ کوئٹہ کے موقع پر سانحہ مچھ کے شہداء کے لواحقین ، ہزارہ برداری سے تعلق رکھنے والے افراد اور افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہی، پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بدھ کو کوئٹہ کا دورہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو ہیڈکوارٹرسدرن کمانڈ کوئٹہ میں سیکورٹی صورتحال پر مفصل بریفننگ دی گئی انہوں نے سانحہ مچھ کے شہداء کے لواحقین سے ملاقات اور ہزارہ برداری کے سے تعلق رکھنے والے افراد کے اجتماع سے خطاب بھی کیا،آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو ہیڈکوارٹر سدرن کمانڈ میں بلوچستان میں درپیش سیکورٹی چیلنجز اور ان سے نمٹنے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات۔

پاک افغان اور پاک ایران سرحدوں پر کی جانے والی بارڈر مینجمنٹ کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے سانحہ مچھ کے شہداء کے لواحقین سے ساتھ ملاقات کی اور ان کے غم میں اظہار ہمدردی کیا انہوں نے شہداء کے لواحقین کو یقین دلایا کہ اس گھناؤنے واقعے کے مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔

بعدازاں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے گیریژن افسران سے خطاب کرتے ہوئے دشوار گزار اور دور دراز علاقے ہونے کے باوجود صوبے میں امن و استحکام کے لئے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا انہوں نے کہا کہ بلوچستان اپنی اسٹریٹجک اہمیت کی وجہ سے دشمنوں کی توجہ کا مرکز ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا مستقبل ہے صوبے کی ترقی اور خوشحالی ملک کی ترقی و خوشحالی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دشمن قوتوں کی خلل انگیز کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائیگا بلوچستان کے تحفظ ، استحکام اور خوشحالی کو ہر صورت جاری رکھتے ہوئے یقینی بنایا جائیگاقبل ازیں کوئٹہ آمدپر کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی نے آرمی چیف کا استقبال کیا ۔